اسلام آباد: 1988ء میں پاکستان اور ہندکے مابین ہونے والے معاہدے کے تحت دونوں ممالک کی جوہری تنصیبات اور ہتھیاروں کی فہرستوں کا تبادلہ کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ہر سال یکم جنوری کو سرکاری سطح پر اس فہرست کا تبادلہ کیا جاتا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ 31 دسمبر 1988ء کے معاہدے کے تحت پاکستان اور بھارت کے درمیان ہر سال یکم جنوری کو سرکاری سطح پر جوہری تنصیبات، ہتھیاروں اور سہولیات سے متعلق فہرستوں کا تبادلہ کیا جاتاہے، جس کا مقصد جوہری تنصیبات کا ہر ممکن تحفظ یقینی بنانا ہے ۔ ہر سال کی طرح آج یکم جنوری 2019ء کو بھی پاکستان نے جوہری تنصیبات اور سہولیات کی فہرست اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن کے نمائندے کے حوالے کردی۔ اسی طرح بھارتی دفتر خارجہ نے بھی جوہری تنصیبات اورسہولیات کی لسٹ پاکستانی ہائی کمیشن کے حوالے کی ہے۔