اسلام آباد: سابق وفاقی وزیر ریلوے اور ن لیگ کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ حکومت گرانے کے لیے نہیں بلکہ قانون سازی کے لیے اپوزیشن متحد ہو جائے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن موجودہ نظام کے چلتے رہنے کی ضمانت ہے جبکہ نیب قوانین میں تبدیلی نہ کرکے ہم نے غلطی کی جسے دور ہونا چاہیے۔
میڈیا نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کے اتحاد کے لیے پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری سے ہاتھ ملا سکتے ہیں۔ ملک میں صدارتی نظام لانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ یہ اتنا آسان نہیں۔ پاکستان میں عوام جمہوریت کے شیدائی ہیں اور لولی لنگڑی جمہوریت پر بھی گزارہ کر لیتے ہیں۔ فوجی عدالتوں پر حالات دیکھ کر پارلیمنٹ میں فیصلہ کریں گے۔ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ جیل میں میرا کمرہ بھی دس ضرب بارہ ہی کا ہے مگر مجھ سے سلوک اچھا ہے تو اچھا ہی کہوں گا۔