لاہور: کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی میں ’مقبول احمد بلاک‘کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب چوہدری سرور نے کہا ہے کہ ہم ملک میں آئینی اور جمہوری اقدار قائم رکھیں گے، کوئی کسی کی حکومت نہیں گرا رہا۔ ذرائع کے مطابق لاہور میں کنگ ایڈورڈ یونیورسٹی کی ہونے والی تقریب میں وائس چانسلر پروفیسر خالد مسعود گوندل، پروفیسر اسد اسلم خان، عائشہ شوکت، پروفیسر ابرار اشرف، پروفیسر یار محمد، پروفیسر صفدر خان سمیت تمام شعبوں کے چیئرمینز اور دیگر نے شرکت کی۔
نجی ٹی وی کے مطابق سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ خالد مقبول نے اس یونیورسٹی کے لیے بیش قدر خدمات انجام دی ہیں۔ سندھ میں گورنر راج سے متعلق بات کرتے ہوئے چودھری سرور کا کہنا تھا کہ کوئی کسی کی حکومت نہیں گرارہا، ہم آئینی اور جمہوری اقدار کا قائم رکھیں گے۔ صاف پانی کی فراہمی کے لیے پنجاب صاف پانی اتھارٹی بن رہی ہے جس سے آئندہ 5 برس میں پورے پنجاب کو صاف پانی ملے گا۔ جیل میں نوازشریف اور شہباز شریف کو بھی صاف پانی مل رہا ہے جبکہ لوڈشیڈنگ میں کمی ، کلین گرین پاکستان ہمارا خواب ہے ۔