Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بیٹنگ لائن میں اکھاڑ پچھاڑ نہیں ہو گا، سرفرا ز احمد

کیپ ٹاون:پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ جنوبی افریقہ کے خلاف شروع ہونے والے دوسرے ٹیسٹ کیلئے بیٹنگ لائن میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی۔ کیپ ٹاون میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سرفراز احمد نے واضح کیا ہے کہ ہماری ٹیم کو بیٹنگ میں بہتری کی اشد ضرورت ہے لیکن دوسرے ٹیسٹ کے لیے بیٹنگ لائن میں کوئی اکھاڑ پچھاڑ نہیں ہوگی اور حتمی الیون میں 6 بیٹسمین برقرار رہیں گے۔ سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ اس میچ میں 3 فاسٹ بولرز کے ساتھ کھیلیں گے جبکہ پچ کو دیکھتے ہوئے ایک اسپنر ٹیم میں شامل ہو گا۔ ایک سوال پرانہوں نے کہا کہ بیٹسمینوں کے اچھے رنز کرنے سے ہی بہتر پوزیشن میں ہوں گے اور پوری امید ہے کہ دوسرے ٹیسٹ میں بیٹنگ لائن اچھا کھیلے گی اور سیریز میں واپس آئیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر بیٹسمین بڑا اسکور کرتے ہیں تو بولرز کا کام آسان ہوجاتا ہے اور ہمارے بولرز مخالف ٹیم کو کنٹرول کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ محمد عباس دوسرے ٹیسٹ کے لیے فٹ ہو گئے ہیں اور اس سے بولنگ لائن کو واضح تقویت ملے گی۔سرفراز احمد نے کہا کہ پچ مختلف دکھائی دے رہی ہے جس کا مطلب یہ ہے کہ یاسر شاہ کیپ ٹاون کی پچ پر وکٹیں حاصل کر سکتا ہے۔ پاکستانی کپتان نے محمدعباس اور ورنن فلینڈر کا موازنہ کرنے سے انکار کیا اور کہا کہ ورنن فلینڈر سینیئر ہیں جبکہ عباس نے ابھی کیرئیر کا آغاز کیا ہے لیکن امیدہے کہ فلینڈر کی طرح محمد عباس بھی کیپ ٹاون میں روایتی بولنگ کرنے میں کامیاب ہوگا ۔یاد رہے کہ عباس اور فلینڈر پہلا ٹیسٹ نہیں کھیل سکے تھے۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تبصرے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ "اردونیوز اسپورٹس"جوائن کریں

شیئر: