مدینہ منورہ کے گورنر شہزادہ سلمان بن سلطان نے مدینہ اسلامی یونیورسٹی کے زیر اہتمام منعقدہ 13ویں بین الاقوامی ثقافتی میلے کا افتتاح کیا۔
سعودی پریس ایجنسی واس کے مطابق 13 اپریل سے 19 اپریل تک جاری رہنے والے میلے کی افتتاحی تقریب میں عرب اور اسلامی ممالک کے اعلیٰ عہدیداران اور سفارتکاروں نے شرکت کی۔

مدینہ یونیورسٹی کے صدر ڈاکٹر صالح العقلہ نے گورنر شہزادہ سلمان بن سلطان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کی سرپرستی اور یونیورسٹی کے لیے مسلسل حمایت کو سراہا۔
ڈاکٹر صالح العقلہ نے بتایا کہ مدینہ یونیورسٹی اب تک 170 ممالک سے تعلق رکھنے والے ایک لاکھ سے زائد طلبہ کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کر چکی ہے۔
28000 مربع میٹر کے احاطے میں منعقد کئے جانے والے بین الاقوامی ثقافتی میلے میں 90 ممالک کے طلبہ نے نمائندگی کی ہے۔

میلے میں آنے والے زائرین کے لیے 150 سے زیادہ مختلف ثقافتی تقریبات اور سرگرمیاں رکھی گئی ہیں جن میں ’سعودی کافی ڈے‘ اور ’یوم عربی شاعری‘ سے متعلق پروگرام شامل ہیں۔
دنیا بھر سے آنے والے طلبہ کی ثقافت، ورثے، ملبوسات اور روایات پیش کرنے کے لیے میلے میں 100 سے زائد پویلین موجود ہیں۔
ثقافتی میلے میں ’ہنر مند کاریگروں کا سال’ کے طور پر خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا گیا ہے جن میں مملکت کی جانب سے وظائف پر تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ حصہ لے رہے ہیں۔
