رونالڈو اورمیسی کو غیر معروف اسٹرائیکر نے پیچھے چھوڑ دیا
دوحہ:الجزائر کے غیر معروف فٹبالر نے 2018کے ٹاپ اسکورر کے طور پر لیونل میسی اور کرسٹیانو رونالڈو جیسے سپر اسٹار کو پیچھے چھوڑ دیا۔ الجزائری اسٹرائیکربغدادبونیجا قطر کے فٹبال کلب السعد کی جانب سے بھی کھیلتاہے اور اس نے کیلنڈر ایئر میں سب سے زیادہ 59گول کرنے کا کارنامہ انجام دیا ہے ۔بغداد نے 2018کے دوران 40میچوں میں59گول کئے جو اس کی شاندار کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔ اس کے مقابلے میں ارجنٹائن اور بارسلونا کے اسٹار کھلاڑی لیونل میسی نے 54میچوں میں51جبکہ کرسٹیانو رونالڈو نے 53میچوں کے دوران 49گول کئے اور یہ دونوں عالمی شہرت یافتہ کھلاڑی دوسرے اور تیسرے نمبر پر رہے ۔27سالہ الجزائری کھلاڑی کی شاندار کارکردگی کی وجہ سے اس کا کلب بھی لیگ میں ٹاپ پر ہے۔بغداد ایشین چیمپیئنز لیگ میں بھی13گولز کے ساتھ ٹاپ اسکورر ہے جبکہ ایک میچ میں 7گول کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو10-1سے فتح دلائی ۔الجزائر کی جانب سے بھی اس نے شاندار کارکردگی دکھائی اور ٹیم کو اس سال کے افریقن نیشنز کپ تک رسائی دلائی ۔ اس بات کا واضح امکان ہے کہ اسے انگلینڈ کے کسی کلب کی جانب سے کھیلنے کا موقع مل جائے جہاں اس کے ہموطن ریاض مہریض مانچسٹر سٹی کی جانب سے پہلے ہی کھیل رہے ہیں ۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردو نیوزاسپورٹس"جوائن کریں