Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سڈنی ٹیسٹ میں بھی ہند کا فاتحانہ انداز

سڈنی: چتیشواڑ پجارا کی ناقابل شکست اور سیریز میں تیسری سنچری جبکہ اوپنر مینک اگروال کے 77رنز کی مدد سے ہندوستانی ٹیم نے چوتھے اور آخری ٹیسٹ کے پہلے دن میں بھی فاتحانہ انداز اپناتے ہوئے 4وکٹوں پر303رنز بناتے ہوئے میچ کا اچھا آغاز کیا ہے اور سیریز میں تاریخی فتح کیلئے اپنی پوزیشن بہتر بنا لی ہے ۔کھیل ختم ہوا تو پجارا 130اور ہنوما ویہاری39رنز پر ناٹ آوٹ تھے۔4میچوں کی اس سیریز میں ہند کو 1-2کی برتری حاصل ہے اور ہندوستانی کپتان ویرات کوہلی نے اس میچ کا ٹاس بھی جیت کی پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا ۔ اعدادوشمار کے مطابق کوہلی جس ٹیسٹ میں ٹاس جیتتے ہیں وہ ہندوستانی ٹیم کی کامیابی پر ختم ہوتا ہے ۔ اوپنرلوکیش راہول خراب فارم سے جان نہیں چھڑا سکے اور ٹیم کو صرف 10رنز کا آغاز مل سکا ، راہول نے 2چوکوں کی مدد سے 6گیندوں پر9رنز بنائے لیکن وہ اپنی اننگز کو آگے نہ بڑھا سکے۔ کیریئر کا دوسرا ٹیسٹ کھیلنے والے اوپنر مینک اگروال نے اچھی بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور پجارا کے ساتھ د وسری وکٹ کی شراکت میں 116رنز کا اضافہ کرکے بیٹنگ لائن کو سہارا دیا ۔انہوں نے 2چھکوں اور7چوکوں کی مدد سے 77رنز بنانے میں کامیاب رہے ۔ پجارا نے اس سیریز میں میزبان بولرز کا ناکام بنانے کا سلسلہ آگے بڑھایا لیکن دوسری جانب کپتان ویرات کوہلی23اور اجنکیا رہانے 18رنز بنا کر لوٹ گئے تاہم ہنوما ویہاری نے پجارا کا بڑی عمدگی سے ساتھ دیا ۔دونوں کے درمیان 5ویں وکٹ کی شراکت میں 75رنز بن چکے ہیں اور اسی دوران پجارا اس سیریز میں تیسری سنچری بھی مکمل کرچکے ہیں۔ان کے 100رنز 199گیندوں پر بنے اور اس دوران انہوں نے 13چوکے بھی لگائے۔ ویہاری بھی آسٹریلوی بولرز کو خاطر میں نہ لائے اور تیزرفتاری سے کھیلتے ہوئے 39رنز بنا چکے ہیں ۔ آسٹریلوی کپتان نے ہر حربہ آزمالیا لیکن وہ اس شراکت کو توڑنے اور خاص طور پر پجارا کو قابو کرنے میں ناکام رہے ۔ پہلے دن کے 90اوورز مکمل ہوئے تو پجارا کا اسکور130رنز ہوچکا تھا جبکہ ہندوستانی ٹیم بھی300رنز کا ہندسہ عبور کر چکی ہے ۔میزبان بولرز میں جوش ہیزل ووڈ 2 جبکہ مچل اسٹارک اور ناتھن لیون ایک وکٹ لینے میں کامیاب ہو سکے ۔آج اگر ہندوستانی بیٹنگ لائن پہلے دن جیسے کھیل کا مظاہرہ کرنے میں کامیاب رہی تو آسٹریلیا کیلئے میچ میں واپسی مشکل تر ہو جائے گی۔ 
کھیلوں کی مزید خبریں اور تبصرے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ "اردونیوز اسپورٹس"جوائن کریں

شیئر: