Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہند آسٹریلیا کیخلاف ٹیسٹ سیریز میں تاریخی فتح کے قریب

  سڈنی:ہندوستانی ٹیم آسٹریلیا میں پہلی ٹیسٹ سیریز میں تاریخی فتح کی دہلیز پر پہنچ چکی ہے ۔ میزبان ٹیم کیلئے سڈنی ٹیسٹ بچانا بڑی حد تک ناممکن ہو چکا ہے ۔ میچ کے تیسرے دن آسٹریلیا کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 6وکٹوں کے نقصان پر 236رنز بنا سکی اور اسے ہند کا اسکور برابر کرنے کے لئے مزید386رنز جبکہ فالو آن سے بچنے کے لئے بھی 187رنز درکار ہیں، اس کی صرف4وکٹیں باقی ہیں۔تیسرے دن کے اختتام پر پیٹر ہینڈز کومب اور پیٹ کمنز با لترتیب28اور25رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔اسپنرز کلدیپ یادو نے 3 اور رویندر جدیجہ نے 2وکٹیں لیں۔ 24رنز کے ساتھ اننگز کا دوبارہ آغاز کرنے والے مارکوس ہیرس اور عثمان خواجہ نے 72رنز کی شراکت فراہم کی ۔ اب تک میزبان ٹیم کی جانب سے یہی سب سے بڑی شراکت ثابت ہوئی جس کے بعد دوسری وکٹ کیلئے ہیرس اور لیبوشین نے56رنز کا اضافہ کیا۔ہیرس 79رنز کے ساتھ نمایاں ہیں جبکہ لیبوشین نے 38رنز کی اننگز کھیلی ۔ آسٹریلیا کے باقی اسپیشلسٹ بیٹسمینوں میں عثمان خواجہ27،ٹریوس ہیڈ20رنز بنا سکے ۔کپتان ٹم پین صرف5اور شان مارش8رنز کے مہمان ثابت ہو ئے۔میچ کے2دن باقی ہیں اور ان میں آسٹریلیا کےلئے میچ جیتنا ناممکن ہے جبکہ ڈرا کرنا بھی مشکل نظر آتا ہے جس کا دوسرا مطلب ہندوستانی ٹیم کی سیریز میں فتح ہے ۔ 4میچوں کی سیریز میں ہند1-2سے آگے ہے اور تاریخ میں پہلی مرتبہ آسٹریلیا کو اس کی سرزمین پر ٹیسٹ سیریز میں شکست دینے کے تاریخی کارنامے کے قریب ہے ۔ہندوستانی اسپنر کلدیپ یادو 24اوورز میں71رنز دے کر 3وکٹوں کے ساتھ تیسرے دن کے کامیاب بولر ثابت ہوئے ، جدیجہ نے62رنز کے عوض 2کھلاڑیوں کو آوٹ کیا جبکہ فاسٹ بولر محمد شامی ایک وکٹ لے سکے جس کے لئے انہوں نے 54رنز دیئے ۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردو نیوزاسپورٹس"جوائن کریں

شیئر: