Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جنوبی افریقہ کی غیر معیاری وکٹوں سے دلبرداشتہ ہونے کی ضرورت نہیں

کراچی:سابق کپتان اور اپنے دور کے مایہ ناز آل راونڈر وسیم اکرم نے کہا ہے کہ جنوبی افریقہ کی وکٹیں ٹیسٹ کرکٹ کے معیار کی نہیں اور ہمارے بیٹسمینوں کو وہاں کی وکٹوں پر کھیلنے کا تجربہ بھی نہیں، اس لئے ناکامیوں پر دلبرداشتہ ہونے کی ضرورت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر جنوبی افریقہ جیسی وکٹیں ہم بناتے تو وہ اب تک آئی سی سی کی جانب سے رپورٹ ہوچکی ہوتیں۔ ٹیسٹ ٹیم کے کپتان یا کوچ کی تبدیلی سے فرق نہیں پڑے گا اور جو لوگ سرفراز پر تنقید کرتے ہیں وہ ان کا متبادل بھی بتادیں۔وسیم اکرم نے کہا کہ ہمیں کپتان سرفراز احمد کو سپورٹ کرنا چاہیے، سرفراز ہی فی الوقت سب سے موزوں کپتان ہیں ،اسی طرح ٹیم کے کوچ کی تبدیلی سے بھی کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ جنوبی افریقہ میں ہمیشہ پاکستان ٹیم کی یہی صورتحال رہی ہے اس لئے زیادہ پریشانی کی ضرورت نہیں ، سارا قصور ہمارے کھلاڑیوں کا نہیں ، وہاں کی پچز ٹیسٹ کرکٹ کیلئے مناسب ہی نہیں تاہم بیٹسمین بھی غیر ضروری طور پر وکٹیں گنواتے رہے ، ہمارے بیٹسمینوں کو بھی اپنی خامیوں کا جائزہ لینا ہوگا کیونکہ انہی وکٹوں پر میزبان بیٹسمین بھی کھیلے اور رنز بنا نے میں کامیاب رہے ۔ دوسری جانب ٹیم انتظامیہ کی طرف سے اوپنر فخرزمان کو چھٹے نمبر پر بیٹنگ کیلئے بھیجنا سمجھ سے بالا ہے، ایسے تجربے تو سیریز جیتنے کے بعد کئے جاتے ہیں۔وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ وہ ملتان میں کرکٹ اکیڈمی بنارہے ہیں جہاں دو تین وکٹیں ایسی ہوں گی جن کی مٹی بیرون ملک سے لائی جائے گی، اکیڈمی میں فاسٹ بولرز کے ساتھ بیٹنگ اور اسپن بولنگ کی بھی جدید تکنیک کے مطابق آگاہی دی جائے گی اور ہفتے میں 2 دن خود کھلاڑیوں کو تربیت دوں گا۔ایک سوال پر وسیم اکرم نے کہا کہ آسٹریلیا کو اسی کی سر زمین پر سیریز کی شکست دے کر ہندوستانی ٹیم نے بڑاکارنامہ انجام دیاہے، ہند کی یہ کامیابی اس کے فرسٹ کلاس نظام کی مرہون منت ہے۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردو نیوزاسپورٹس"جوائن کریں

شیئر: