کیپ ٹاون ٹیسٹ: ایک اور شکست پاکستان کی منتظر
کیپ ٹاون: پاکستانی بلے بازوں کی ناقص بیٹنگ کی بدولت جنوبی افریقہ کی ٹیم دوسرے ٹیسٹ میچ میں بھی فتح کی قریب پر پہنچ چکی ہے ، دوسری اننگز میں 294 رنز پر آوٹ ہونے والی پاکستانی ٹیم نے جنوبی افریقہ کودوسرا ٹیسٹ اور سیریز جیتنے کیلئے 41رنز کا معمولی ہدف دیا ہے۔جس سے صاف ظاہر ہے کہ ایک اور شکست پاکستان ٹیم کے گلے پڑنے کیلئے تیار ہے۔ جنوبی افریقہ نے پاکستان کے 177رنز کے جواب میں پہلی اننگز میں431 رنز پربنائے۔کپتان فاف ڈیوپلیسس کی سنچری 103 رنز ، ٹیمبا باووما اور کوئنٹن ڈی کوک کی نصف سنچریاں شامل تھیں۔ محمد عامر اور شاہین آفریدی نے 4،4 وکٹیں لیں۔254 رنز کی بھاری برتری کے جواب میں پاکستانی بیٹنگ لائن پہلی اننگز کی طرح دوسری اننگز کی ابتدا میں بھی مشکلات کا شکار ہوگئی۔10 کے اسکور پر اوپنر امام الحق نے 6رنز بنا کر ڈیل اسٹین کی گیند پر ایلگر کو کیچ دے دیا۔ اظہر علی بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر ے اور کگیسو ربادا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آوٹ ہوگئے اور پاکستانی ٹیم کا اسکور27 رنز تھا۔ اسد شفیق اور شان مسعود نے کچھ اسکور بڑھایا، اسد شفیق نے ٹیسٹ کرکٹ میں ون ڈے طرز کی بلے بازی کی اور محض 56 گیندوں پر نصف سنچری بنائی جس میں 7 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔اسد شفیق کے بعد شان مسعود نے بھی نصف سنچری مکمل کی، انہوں نے ڈیل اسٹین کی گیند پر چوکا لگا کر 50 رنز مکمل کیے۔ تیسری وکٹ کیلئے 132 رنز کی شراکت قائم کی اور پوزیشن مستحکم کرنے کی کوشش کی ، شان مسعود نے 61رنز پر غلط شاٹ کھیلتے ہوئے وکٹ کیپر کو کیچ دے دیا۔اسد شفیق کا ساتھ دینے بابر اعظم آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے اسکور کو 194 تک پہنچایا تو 88رنز بنانے والے اسد شفیق پہلی اننگز کی طرح غیرضروری شاٹ کھیلنے کی کوشش میں وکٹ گنوا بیٹھے۔اسد کے بعد پاکستانی کھلاڑیوں کی وکٹیں گرنے کا ایک نہ رکنے والا سلسلہ شروع ہو گیا۔ دوسرے اینڈ پر موجود بابر اعظم بے بسی کی تصویر بنے رہے۔فخر زمان کو اوپننگ سے ہٹا کر چھٹے نمبر پر بھیجا گیا لیکن تجربہ ناکام رہا انہوں نے 7رنز بنا کر گیند کو فضا میں بلند کر ربادا کے ہاتھوں انہی کی گیند پر آوٹ ہو گئے۔کپتان سرفراز احمدنے6رنز بنائے ۔بابر اعظم نے اپنے اینڈ سے 72رنز کی اننگز کھیل کر پاکستان کو اننگز کی شکست سے بچا لیا۔ پاکستان کی پوری ٹیم 294 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی اور جنوبی افریقہ کو میچ میںفتح کےلئے 41رنز کا معمولی ہدف دیا ہے۔جنوبی افریقہ کی جانب سے ڈیل اسٹین اور کگیسو ربادا نے 4، 4 وکٹیں لیں۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردو نیوزاسپورٹس"جوائن کریں