دبئی اور امریکہ کی جائداد: علیمہ خان کی وضاحت
لاہور: وزیر اعظم عمران خان کی بہن علیمہ خان نے خود پر اثاثوں اور آمدن سے متعلق الزامات کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے ملک سے باہر اثاثے جائز ذرائع اور ظاہر کی گئی کاروباری آمدن سے بنائے ہیں۔ ذرائع کے مطابق علیمہ خان نے وضاحتی بیان میں کہا ہے کہ جھوٹی خبریں پھیلا کر ان پر الزامات لگائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مخالف پروپیگنڈے کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ شوکت خانم خیراتی اسپتال اور میری جائداد کا کوئی تعلق نہیں ۔ میں نے اپنی زندگی خیراتی کام کےلئے وقف کی ہے اور اثاثے اپنی آمدن اور شوہر کی آمدن سے بنائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بدنام کرنے کی مہم چلا کر مجھے تکلیف پہنچائی جا رہی ہے۔ وزیر اعظم کی بہن نے کہاکہ میں گزشتہ 20 برس سے ٹیکسٹائل کے شعبے میں کامیاب کاروبارکررہی ہوں اور میرے عالمی سطح پر ٹیکسٹائل کے خریدارہیں۔ میرے سالانہ ایکسپورٹ آرڈر تقریباً 2 ارب روپے کے ہوتے ہیں۔ میری ایکسپورٹ یا کاروبار ملکی معیشت میں بھی حصہ ڈالتا ہے دبئی کی جائداد کےلئے رقوم جائز بینکنگ ذرائع سے بھیجی گئیں۔ اس کےلئے دبئی میں بینک سے قرضہ بھی لیا گیا جبکہ نیوجرسی کی جائداد 14 کروڑ 5 لاکھ میں خریدی گئی۔ یہ جائداد بھی قانون کے مطابق ٹیکس ادا کر کے ظاہر کی گئی۔ نیوجرسی کی جائداد کےلئے جائز بینکنگ ذرائع سے پیسے بھیجے اور بینک سے قرض لیا۔ یہ مشترکہ جائداد کاروباری مقاصد کےلئے خریدی گئی تھی۔ نیوجرسی کی جائداد قانون کے مطابق ٹیکس ادا کر کے ظاہر کی گئی۔ واضح رہے کہ چند روز قبل وزیراعظم عمران خان کی بہن علیمہ خان کی دبئی کے بعد امریکہ میں بھی جائداد کا انکشاف ہوا تھا۔ امریکہ میں موجود یہ جائداد علیمہ خان نے 2004ءمیں خریدی مگر جون 2017ءتک پاکستانی ٹیکس حکام کے سامنے ظاہر نہیں کی تھی۔