پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ نہ ہونے پر عمران خان فکرمند ہیں
جوہانسبرگ:پاکستان کے سابق کپتان ، اوپنر اور معروف کمنٹیٹر رمیزراجہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کو پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ نہ ہونے کی بہت فکر ہے اور وہ اس حوالے سے موثر اقدامات کے خواہشمند ہیں۔رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ ورلڈ الیون پاکستان کادورہ کرچکی ہے،اس موقع پر شاندار سیکیورٹی انتظامات سب نے دیکھ لیے، رواں سال لاہور اور کراچی میں پاکستان سپرلیگ 4کے 8 میچز انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی میں مزید مدد گار ہوں گے اور سپرلیگ میچز کے بعد فیصلہ ہوگا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی کتنی دور رہ گئی۔ اس سے زیادہ افسوسناک صورتحال کیا ہو گی کہ اسد شفیق 69 ٹیسٹ کھیل چکے ہیںمگر پاکستان میں انہیں ابھی تک کوئی ٹیسٹ کھیلنے کا موقع نہیں ملا ، یہ صورتحال کھلاڑیوں اور کرکٹ شائقین کیلئے بہت تکلیف دہ ہے۔دریں اثناء جنوبی افریقہ کے کپتان فاف ڈوپلیسس نے انٹرنیشنل کرکٹرز کیلئے پاکستان میں سیکیورٹی انتظامات کو شاندار قرار دیا ہے۔ پاکستان میں کھیلنے کے حوالے سے سوا ل پر ان کا کہنا تھا کہ بطور ورلڈ الیون کپتان ان کا دورہ پاکستان محفوظ اور سیکیورٹی شاندار تھی ، فاف ڈوپلیسس کا کہنا تھا کہ مجھے یقین ہے کہ آئندہ بھی ایسا ہی ہوگا اور پی ایس ایل کے میچز شاندار ہوں گے۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تبصرے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ میں"اردو نیوز اسپورٹس"جوائن کریں