Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حکو مت کچھ دینے کی پوزیشن میں نہیں‘ وزیرا عظم جھوٹے ہیں‘ زرداری ؍ بلاول

اسلام آباد:  پارلیمنٹ ہاؤس میں آمد کے موقع پر پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے وزیر اعظم کی جانب سے این آر او مانگنے کے الزام کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپوزیشن پہلے دن سے واک آؤٹ کررہی ہے، وہ این آر او کیوں لے گی؟۔دوسری جانب بلاول بھٹو زرداری نے بھی وزیرا عظم کے بیان پر تنقید کرتے ہوئے انہیں جھوٹا قرار دے دیا۔
ذرائع کے مطابق پارلیمنٹ ہاؤس آمد کے موقع پر ایک صحافی نے آصف زرداری سے پوچھا کہ وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اپوزیشن این آر او لینے کی خاطر واک آؤٹ کررہی ہے جس پر زرداری نے جواب دیا کہ حزب اختلاف تو پہلے ہی روز سے واک آؤٹ کررہی ہے، این آر او کیوں لے گی؟ وزیر اعظم کو این آر او کی تعریف ہی نہیں پتا۔ وہ پارلیمان میں آتے نہیں، یہاں آئیں تو بات کریں گے۔ اس وقت حکومت کچھ بھی دینے کی پوزیشن میں نہیں اور ہمیں این آر او کی ضرورت نہیں۔
علاوہ ازیں پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی پارلیمنٹ ہاؤس آمد کے موقع پر صحافیوں کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ این آر او ہم نے مانگا ہے اور نہ ہمیں اس کی ضرورت ہے۔ خان صاحب خود تو ایوان میں آتے نہیں، انہیں کیا معلوم پارلیمان میں کیا ہورہا ہے؟۔  خان صاحب نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ پہلے وزیراعظم ہوں گے جو ہر بدھ کو آکر اپوزیشن کے سوالات کے جواب دیں گے۔ ان کا یہ دعویٰ بھی جھوٹا نکلا۔ خان صاحب کا ہر وعدہ جھوٹا نکلا۔ فوجی عدالتوں کی مدت میں توسیع کے سوال پر بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ اس پر اپوزیشن کا اپنا موقف ہوسکتا ہے لیکن پیپلزپارٹی کی سی ای سی نے فریم ورک طے کیا ہے۔  حکومت کی جانب سے کسی نے فوجی عدالتوں کے معاملے پر ہم سے رابطہ نہیں کیا، پیپلز پارٹی کو فوجی عدالتوں سے متعلق بل کوسپورٹ کرنا مشکل ہوگا۔
مزید پڑھیں:- - - - -  -- ’’عمران خان کا بیان جواب دینے کے قابل بھی نہیں‘‘
 

شیئر: