نہیں چاہتے پورا جمہوری نظام لپٹ جائے،سعد رفیق
جمعرات 17 جنوری 2019 3:00
اسلام آباد... سابق وزیر ریلوے اور مسلم لیگ (ن)کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ نیب سے کہا ہے ریفرنس ضرور بنائیں۔جنتا آپ نے اور آپ کے سرپرستوں نے بد نام کیا۔ ضروری ہے ریفرنس بنے اور کورٹ آف لاءمیں فیصلہ ہو۔جب تک نیب میں عیب دور نہیں کریں گے تو حکومت کو بھی بھگتنا ہوگا۔ اللہ کریں آپ اسے نہ بھگتیں۔ نہیں چاہتے کہ آپ کو گرانے کے چکر میں پورا جمہوری نظام لپٹ جائے۔ اپوزیشن کے اتحاد سے جمہوریت اور عوام کو فائدہ ہوگا۔حکومت کو وقتاً وقتاً اس کا چہرہ دکھاتے رہیں گے۔ قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے سعد رفیق نے کہا کہ اپوزیشن کے اتحاد کو حکومت اپنے لئے خطرہ نہ سمجھے۔برسوں کے تجربات سے بہت سیکھا ہے یہی وجہ ہے کہ روز گالیاں ملنے کے باوجود حکومت گرانا نہیں چاہتے لیکن چھوٹے موٹے جھگڑے ہوتے رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ چاہتے ہیں جو چاند تارے توڑ کر لانے کے وعدے تھے ان میں سے صرف 10 فیصد وعدے ہی پورے کرلیں۔ سعد رفیق نے کہا کہ وزیراعظم سے بہت ناراض ہوں لیکن مشورہ ٹھیک دوں گا کہ وہ اپنے مخلص دوستوں کو بٹھائیں اور کنٹینر سے واپس آئیں۔ سعد رفیق نے کہا کہ 71 سال کی تاریخ ہے۔یہاں خان ولی خان، اکبر بگٹی اور جی ایم سید کو غدار قرار دیا گیا، جو اس ملک میں آئین و قانون کی عملداری مانگتا ہے اسے غدار قرار دے دیا جاتا ہے۔ مجھے کوئی بتائے کہ یہ غدار کون پیدا کرتا ہے؟۔