ذاکر نائک کی 16 کروڑ کی جائداد ضبط
نئی دہلی۔۔۔ڈاکٹر ذاکر نائک معاملے میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے منی لانڈرنگ کی روک تھام کے قانون کے تحت ممبئی اور پونے میں 16 کروڑ 40 لاکھ روپے کی جائداد ضبط کرلی۔ اس معاملے میں قومی تفتیشی ایجنسی (این آئی اے) نے ذاکر نائک اور دیگر کے خلاف 26 اکتوبر 2017 کو فرد جرم داخل کی تھی۔ اس میں ذاکر نائک پر مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے کا الزام لگایا گیا۔ ایجنسی کا الزام ہے کہ ذاکر نائک نے 17کروڑ65لاکھ روپے کی لاگت سے جائدادیں خریدیں۔ ای ڈی کی تحقیقاتی ٹیم کے ایک افسر نےبتایا کہ فنڈ کے ذرائع اور جائداد کے اصل مالکان کے نام صیغہ راز میں رکھنے کیلئے ذاکر نائک کی جانب سےاہلیہ، بیٹے اور بھتیجی کے کھاتوں میں رقم بھیجی گئی۔ اس کے بعد ڈاکٹر ذاکر نائک کی بجائے ملکیت کی بکنگ ان کے اہل خانہ کے نام سے کی گئی۔