ہند نے نیوزی لینڈ سے افتتاحی ون ڈے جیت لیا
نیپیئر: ہندوستانی ٹیم نے دورہ نیوزی لینڈ کا کامیابی سے آغاز کرتے ہوئے ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں یکطرفہ مقابلے کے بعد میزبان ٹیم کو 8وکٹوں سے شکست دے دی۔ یہ نیوزی لینڈ میں 2009ءکے بعد کسی بھی فارمیٹ میں ہندوستانی ٹیم کی پہلی فتح بھی ہے۔ ہندوستانی بولرز محمد شامی اور کلدیپ یادو نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کیوی بیٹنگ لائن کو 38اوورز میں 157رنز پر ڈھیر کردیا تھا جس کے بعد ہند نے مطلوبہ ہدف 34.5اوورز میں 2وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ کھیل کا ایک اوور ضائع ہونے کی وجہ سے ہند کو 49اوورز میں156رنز کا نیا ہدف ملا تھا جو اس نے تقریباً14اوورز پہلے حاصل کرلیا اس طرح اس میچ کا فیصلہ ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت ہوا۔ شیکھر دھون 75رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلنے میں کامیاب رہے جبکہ کپتان ویرات کوہلی نے45رنز بنائے۔ فاسٹ بولر محمد شامی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔ میچ کا ٹاس کیوی کپتان کین ولیمسن نے جیتا اور پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو موثر ثابت نہیں ہو سکا۔ محمد شامی نے 5کے مجموعی اسکور پر پہلے مارٹن گپٹل اور پھر 18رنز پر دوسرے اوپنر کولن منرو کو بولڈ کرکے میزبان ٹیم کو سنبھلنے کا موقع نہیں دیا ۔ کپتان کین ولیمسن نے سابق کپتان روس ٹیلر کے ساتھ مل کر صورتحال کو سنبھالنے کی کوشش کی لیکن کوئی بیٹسمین بھی زیادہ دیر کپتان کا ساتھ نہیں دے پایا۔ کین ولیمسن نصف سنچری بنانے کے بعد اپنا اسکور 64رنز تک پہنچا کر کلدیپ یادو کی گیند پر آوٹ ہوئے تو کسی بڑے ہدف کی تشکیل کا امکان بھی ختم ہو گیا ۔ روس ٹیلر24رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بیٹسمین تھے جبکہ 6کھلاڑی ڈبل فگرز میں بھی نہیں پہنچ سکے اور پوری کیوی ٹیم 157رنز پر ڈھیر ہو گئی ۔ شامی نے 6اوورز میں جن میں سے2میڈن بھی تھے 19رنز دے کر 3جبکہ کلدیپ یادو نے10اوورز میں39رنز کے عوض4کھلاڑیوں کو پویلین واپس بھیجا۔2وکٹیںیزویندر چاہل اور ایک کیدار جادھو کے حصے میں آئی۔ ہدف کے تعاقب میں ہند کی پہلی وکٹ 41رنز پر گری جب روہت شرما11رنز بنا کر بریسویل کا شکار بنے ۔ اس دوران ڈوبتے سورج کی وجہ سے کھیل نصف گھنٹے کیلئے روکنا پڑا کیونکہ اس کی کرنیں براہ راست بیٹسمینوں کی آنکھوں پر پڑنے لگی تھیں۔ اس صورتحال کے باعث ایک اوور کم کرکے ہند کو 49اوورز میں156رنز کا نیا ہدف دیا گیا ۔کپتان ویرات کوہلی نے شیکھر دھون کے ساتھ دوسری وکٹ کی شراکت میں 91رنز کا اضافہ کرکے کیوی ٹیم کی میچ میں واپسی کا امکان ختم کردیا ۔کوہلی نصف سنچری مکمل نہ کرسکے اور 45رنز پر وکٹ گنوا بیٹھے جبکہ شیکھر دھون نے ون ڈے کیریئر 26ویں نصف سنچری مکمل کرنے کے بعد امباٹی رائیڈو کے ساتھ ٹیم کو ہدف تک پہنچا کر کامیابی سمیٹ لی۔ دھون نے6چوکوں کی مدد سے75جبکہ رائیڈو نے13رنز بنائے اور دونوں ناٹ آوٹ رہے ۔اس طرح ہند نے8وکٹوں سے کامیابی حاصل کرکے 5میچوں کی سیریز میں0-1کی برتری حاصل کرلی ۔ محمد شامی شاندار بولنگ پر مین آف دی میچ قرار پائے۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردو نیوزاسپورٹس"جوائن کریں