عربی النسل گھوڑوں کا جمپنگ مقابلہ، 24 ملین یورو کے انعامات
’دنیا بھر سے 212 اعلیٰ عربی النسل گھوڑوں کے درمیان مقابلہ ہوگا‘ ( فوٹو: سبق)
دنیا بھر میں گھڑ سواری کے شوقین افراد کی نظریں دارالحکومت ریاض پر مرکوز ہیں جہاں سعودی گھڑسواری فیڈریشن ’ریاض راؤنڈ‘ کی میزبانی کر رہا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق عربی النسل گھوڑوں کے جمپنگ کا مقابلہ مشرقِ وسطیٰ و یورپ سیریز کا حصہ ہےجہاں چار دن تک لوک ورثہ، خوبصورتی اورتاریخ کو یکجا کیا جارہاہے۔
’سعودی جمپنگ‘ کے نام سے شروع ہونے والا مقابلہ الجنادریہ کے میدان میں آئندہ ہفتہ تک جاری رہے گا جس میں دنیا بھر سے 212 اعلیٰ عربی النسل گھوڑوں کے درمیان مقابلہ اور جس کے لیے انعامی رقم 24 ملین یورو سے تجاوز کر چکی ہے۔
اس سال کی سیریز کا آغاز جنوری کے اوائل میں امارات کے شہر عجمان سے ہوا تھا اس کے بعد فروری میں دوسرا راؤنڈ قطر کے دارالحکومت دوحہ میں اور تیسرا مارچ میں عمان کے شہر مسقط میں منعقد ہوا۔
موجودہ دوسرے ایڈیشن میں مقابلوں کی تعداد 7 سے بڑھا کر 9 کر دی گئی ہے۔
آئندہ مراحل میں فرانسیسی شہر کان میں پانچواں، نیدرلینڈز کا فالکنسوارد میں چھٹا، لندن میں ساتواں، اٹلی ،روم میں آٹھواں مرحلہ ہوگاجبکہ دوسرا ایڈیشن دسمبر میں دوحہ میں اختتام پذیر ہوگا۔