Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آن لائن کاروبار کی ویب سائٹس سے دھوکا دہی عروج پر

کراچی: ایف آئی اے نے آن لائن خریداری کی سہولت دینے والی ویب سائٹ او ایل ایکس کے ذریعے نان کسٹم پیڈ یا چوری شدہ گاڑیوں کے جعلی کاغذات تیار کرکے اور جعلی نمبر پلیٹ لگا کر بیچنے والے گروہ کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق او ایل ایکس کے ذریعے سامان فروخت کرنے والوں میں بہت سے دھوکے باز شامل ہو چکے ہیں جس کی وجہ سے عوام کو بڑے نقصان کے خدشات پیدا ہو گئے ہیں۔ ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ نے 2 رکنی گروہ کو حراست میں لیا ہے جو اصل گاڑیوں جیسی نان کسٹم پیڈ یا چوری شدہ گاڑیاں جعلی کاغذات اور نمبر پلیٹ لگاکر فروخت کرتا تھا۔ اس حوالے سے عمیر اور مظفر نامی افراد کو ایف بی ایریا میں ایک کارروائی کے دوران گرفتار کیا گیا۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایف آئی اے کے سائبر کرائم سرکل کے ایڈیشنل ڈائریکٹر یونس چانڈیو کے مطابق ملزمان کے خلاف اطلاع ملنے پر کارروائی کی گئی، بتایا گیا ہے کہ ایک شہری نے آکر اطلاع دی کہ اس نے او ایل ایکس پر گاڑی خریدی اور جب اسے اپنے نام کروانے کے لیے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے محکمے سے رابطہ ہوا تو معلوم ہوا کہ گاڑی کے کاغذات اور نمبر پلیٹس جعلی ہیں۔ جس پر ایف آئی اے سے رابطہ کیا اور تحقیقات شروع ہوئیں۔ ذرائع ابلاغ پر جاری رپورٹ کے مطابق حکام نے مزید بتایا کہ گرفتار ملزمان اصلی گاڑیوں جیسی گاڑیاں یعنی اسی میکر، ماڈل اور کلر کی گاڑیوں کا انتظام کرتے جو نان کسٹم پیڈ یا چوری شدہ ہوتی، اس کے بعد ان گاڑیوں کے نہ صرف کاغذات بلکہ نمبر پلیٹس بھی جعلی بنائی جاتی اور پھر اس کا اشتہار او ایل ایکس پر ڈال دیا جاتا۔ اشتہار میں رابطہ نمبر بھی اپنا نہیں دیا جاتا بلکہ وہ دیا جاتا جو کسی اور کے نام پر رجسٹرڈ ہو یعنی اپنا کوئی نشان نہ چھوڑنا۔ تحقیقات کے مطابق ملزمان کئی گاڑیاں فروخت کر چکے ہیں اور رقم چیک یا پے آرڈر سے نہیں بلکہ نقد وصول کی تاکہ بینک سے بھی کوئی سراغ نہ لگایا جاسکے ۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق گروہ کئی شوروم مالکان سے مل کر جعلسازی کے ذریعے گاڑیوں کی فروخت میں ملوث ہے اور ان سے جعلی دستاویزات پر فروخت ہونے والی گاڑیوں کا ڈیٹا حاصل کرلیا گیا ہے ۔
 

شیئر: