کراچی: سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کو دیے گئے معاشی پیکیج کی مد میں مزید ایک ارب ڈالر منتقل کردیے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق وزیرا عظم عمران خان کے دورہ سعودی عرب کے دوران برادر ملک سعودی عرب کی جانب سے ملک کو اقتصادی بحران سے نکالنے کے لیے 12 ارب ڈالر کے معاشی پیکیج کا اعلان کیا گیا تھا جس کے مطابق 3 ارب ڈالر کی پہلی قسط 19 نومبر اور دوسری 14 نومبر کو منتقل کردی گئی تھی جبکہ مزید ایک ارب ڈالر کی تیسری قسط آج منتقل کرا دی گئی ہے۔
ترجمان اسٹیٹ بینک کے مطابق سعودی عرب نے 3 ارب ڈالر کی تیسری قسط کی صورت میں مزید ایک ارب ڈالر پاکستان کو منتقل کردیے ہیں جس کے بعد پاکستان کو 3 ارب ڈالر کے پیکیج کی فراہمی مکمل ہوچکی ہے۔ مرکزی بینک کے ترجمان کے مطابق سعودی عرب کی جانب سے مزید ایک ارب ڈالر منتقل کیے جانے کے بعد زرمبادلہ کے ذخائر 15 ارب 25 کروڑ ڈالر سے زیادہ ہوچکے ہیں۔ مرکزی بینک کے زرمبادلہ ذخائر 8 ارب 86 کروڑ ڈالر ہوگئے ہیں۔ جبکہ متحدہ عرب امارات سے بھی مزید 2 ارب ڈالر 2 قسطوں میں ملیں گے ۔ ترجمان کے مطابق سعودی عرب کو 3 فیصد سالانہ سود ادا کیا جائے گا جب کہ متحدہ عرب امارت کو 3.18 فیصد سالانہ شرح سود ادا کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز متحدہ عرب امارات سے بھی پاکستان کو 3 ارب ڈالر کے معاہدے کی پہلی قسط ایک ارب ڈالر موصول ہوگئی ہے ۔