Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سانحہ ساہیوال: متاثرہ خاندان کو اسلام آباد لانا ”پراسرار“ بن گیا

لاہور: سانحہ ساہیوال میں سی ٹی ڈی اہل کاروں کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے شخص خلیل کے بھائی جلیل کا کہنا ہے کہ صدر عارف علوی کی جانب سے ان کے اہل خانہ کو اسلام آباد بلا کر پریشان کیا گیا ہے۔ اگر صدر ہم سے نہیں ملنا چاہتے تھے تو کیوں بلایا تھا؟ دوسری جانب ایوان صدر کے ترجمان کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز ساہیوال واقعے کے متاثرہ خاندان کے ساتھ صدر مملکت کی کوئی ملاقات طے ہی نہیں تھی۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز رپورٹس سامنے آئی تھیں کہ مقتول خلیل کا خاندان صدر مملکت سے ملاقات کےلئے اسلام آباد روانہ ہوا، جبکہ بعدازاں صدر عارف علوی کی کراچی آمد کی رپورٹس بھی سامنے آئیں۔ لاہور واپسی پر اپنے وکیل شہباز بخاری کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے متاثرہ خاندان کے سربراہ جلیل کا کہنا تھا کہ پولیس ان کے اہل خانہ کو صدر عارف علوی اور چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے ملوانے اسلام آباد لے کرگئی۔ ساری رات ہم سے بیان لکھواتے رہے، پھر سارا دن سڑکوں پر گھماتے رہے، پھر پتا چلا کہ صدر تو کراچی اور چیئرمین سینیٹ بلوچستان چلے گئے ہیں۔ خلیل نے کہا کہ ان کا تماشا بنایا جا رہا ہے، ہمیں فون کرکے ملاقات کے لیے بلوایا گیا تھا، اگر نہیں ملنا تھا تو ہمیں بلایا کیوں تھا، ہمارے ساتھ ہو کیا رہا ہے ، کچھ سمجھ نہیں آ رہا۔ 
 
 

شیئر: