بیکہم نے اپنے مینشن پر 80لاکھ پونڈ خرچ کردیئے
لندن ۔۔۔ برطانیہ کے مشہور فٹبالر ڈیوڈ بیکہم اور انکی اہلیہ وکٹوریہ نے اب سے تقریباً6سال قبل مغربی لندن میں مینشن 3کروڑ 15لاکھ پونڈ میں خریدا تھا ۔ اس وقت شہر کے پراپرٹی بورڈ نے اسے گریڈ ٹو کا پیلس نما مکان قرار دیا تھا مگر خریداری کے بعد بھی یہ جوڑا مطمئن نہیں تھا اور انہوں نے اس کی ازسر نو تزئین و آرائش کا فیصلہ کیا اور پھر اپنی خواہش کو عملی شکل دینے کیلئے مشہور سیلریبریٹی ڈیزائنر روز یونیاکے کی خدمات حاصل کیں تاکہ عمارت کو نئی شکل وصورت دی جاسکے۔ نئی تزئین و آرائش پر مزید 80لاکھ پونڈ خرچ ہوئے۔ اب صورتحال یہ ہے کہ نہ صرف باہر سے یہ عمارت انتہائی خوبصورت لگتی ہے بلکہ اس کی اندرونی آرائش و زیبائش بھی مثالی ہوچکی ہے۔ اس میں 6بیڈ روم ہیں۔ ایک جیمخانہ ہے۔ ایک کافی ہال ہے ایک میک اپ روم ہے اور پھر اس کے اندر سوئمنگ پول، سینما گھر موجود ہے جبکہ اس کا باغیچہ بھی ایئر کنڈیشنڈ ہے۔ واضح ہو کہ دونوں میاں بیوی اچھی طرح جانتے ہیں کہ وہ عوامی شخصیت ہے اور انکے بارے میں ہر چیز معلوم کرنا عوام کا حق ہے اسلئے وہ آئے دن سوشل میڈیا پر اپنے بارے میں تازہ ترین باتیں جاری کرتے رہتے ہیں۔ 43سالہ بیکہم اور انکی 44سالہ اہلیہ وکٹوریہ اپنے مداحوں کو مختلف سائٹس پر گھر کے اندرونی مناظر اور ان میں ہونے والی تبدیلیوں سے باخبر کرتے ہیں۔اب اس عمارت کی کلر اسکیم بھی شاہانہ کہلانے کی مستحق ہے۔ اس کی چھتیں بھی اونچی کردی گئی ہیں جنہیں فانوس اور جدید ترین پنکھوں سے بھی آراستہ کیا گیا ہے حالانکہ یہ جوڑا پنکھوں کا استعمال بیحد کم کرتا ہے۔ سونے پر سہاگہ کے طور پر جوڑے نے انتہائی جدید اور قیمتی فرنیچر سے بھی اسے آراستہ کیاہے اور یہ سلسلہ مزید جاری ہے۔ دونوں میاں بیوی آئے دن خود بھی اس کی نوک پلک درست کرنے میں مصروف نظر آتے ہیں۔