نوئیڈا /گریٹر نوئیڈا میں 3لاکھ فلیٹس جلد تعمیر کئے جائیں گے، وزارت آبادکاری
نئی دہلی۔۔۔۔مرکزاور ریاستی حکومت نوئیڈا اور گریٹرنوئیڈامیں رہائشی منصوبے نافذ کرنے کیلئے زمینیں تلاش کررہی ہیں۔ساتھ ہی نا مکمل 3لاکھ فلیٹس لوگوں کے حوالے کرنے کیلئے فنڈ اکٹھا کرنے کے مسئلے پر غور و خوض جاری ہے۔مرکزی وزیر پیوش گوئل اورسرکاری بینک کے درمیان ریئل اسٹیٹ سیکٹر میں فنڈ جمع کرنے پر بات چیت ہوئی۔اس میٹنگ میں ہاؤسنگ سیکریٹری ڈی ایس مشرا بھی موجود تھے۔ذرائع نے بتایا کہ ابتدائی طور پر فنڈ سے ایک سے 2ہزار کروڑ روپے تک رقم صرف کی جاسکتی ہے۔وزارت آبادکاری کی جانب سے این بی سی سی اور مختلف بینکوں سے اس سمت میں اقدامات کرنے پر زور دیا گیا۔وزارت رہائش و آبادکاری نے واضح کیا کہ 10سال سے زائد عرصے سے ادھورے رہائشی منصوبوں کو جلد مکمل کرنے کیلئے وہ اخراجات برداشت کریگی۔امرپالی گروپ میں 43ہزار فلیٹس نامکمل ہیں،اس کے پاس 10ہزار نئے فلیٹس تعمیر کرنے کیلئے زمینیں خالی پڑی ہوئی ہیں۔اسی طرح جے پی گروپ کے پاس 3500ایکڑ زمین خالی پڑی ہوئی ہے جسے فروخت کرکے فنڈ جمع کیا جاسکتا ہے۔ ذرائع کے مطابق سپر ٹیک ، یونی ٹیک اور 3سی گروپ کے پاس بھی اچھی خاصی زمینیں اور پلاٹس خالی پڑے ہیں جس پر رہائشی منصوبے نافذ کئے جاسکتے ہیں۔