عمران خان کی بطور کرکٹر پنشن میں 20فیصد اضافہ
لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے وزیر اعظم عمران خان سمیت سابق 48 کرکٹرز کی پنشن میں 20فیصد تک اضافے کا فیصلہ کر لیا جس پر جلد عملدرآمد کیا جائے گا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی نئی انتظامیہ نے بڑھتی ہوئی مہنگائی اور کافی عرصے سے پنشن میں اضافہ نہ کئے جانے کے سبب سابق کرکٹرز کی پنشن میں اضافے کا فیصلہ کیا ہے۔وزیر اعظم عمران خان اور ان کے کزن ماجد خان کی پنشن میں بھی اضافے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے بعد انہیں ماہانہ 48ہزار روپے موصول ہوں گے جبکہ اعجاز بٹ اور شفقت رانا کو ماہانہ 42ہزار روپے ملیں گے۔پی سی بی نے سابق 48 ٹیسٹ کرکٹرز کیلئے تقریباً 20لاکھ روپے کی رقم مختص کی ہے اور اس اعتبار سے ایک سابق کرکٹر کو اوسطاً کم و بیش 40ہزار روپے ملیں گے۔کھلاڑیوں کی پنشن کی رقم کا انحصار ان کی عمر، تجربے اور دیگر عوامل کو دیکھتے ہوئے کیا جاتا ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے 2006ءمیں ریٹائرڈ کرکٹرز کو پنشن دینے کا فیصلہ کیا تھا اور اس وقت 1978ءسے قبل ریٹائر ہونے والے تمام ٹیسٹ کرکٹرز کو پنشن دینے کا اعلان کیا گیا تھا اور اس کے بعد سے اس فہرست میں مختلف سابق کرکٹرز کا اضافہ ہوتا رہا۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردو نیوز اسپورٹس"جوائن کریں