’’سابق وزیر اعظم کے علاوہ سابق صدر کے ساتھ بھی برا سلوک ہو رہا ہے‘‘
جمعرات 31 جنوری 2019 3:00
لاہور: ن لیگ کے رہنماؤں نے لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں پارٹی قائد اور سابق وزیرا عظم نواز شریف سے ملاقات کی۔ ذرائع کے مطابق اس دوران ملنے والے افراد نے نواز شریف کی صحت پوچھنے کے علاوہ ملکی صورت حال اور سیاسی معاملات پر بات کی۔
نجی ٹی وی کے مطابق نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز اور بھتیجے حمزہ شہباز کے علاوہ پارٹی رہنما شاہد خاقان عباسی، ایاز صادق، مشاہد حسین سید اور سائرہ افضل تارڑ کوٹ لکھپت جیل پہنچے جہاں انہوں نے پارٹی قائد سے ملاقات کی۔ اس دوران پارٹی رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے نوازشریف کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سابق وزرائے اعظم کے ساتھ تو ناروا سلوک ہوتا رہا لیکن سابق صدر کے ساتھ ایسا سلوک پہلی بار ہوا۔ آج بھی سابق صدر کو جگہ جگہ روک کر تلاشی لی گئی، ممنون حسین بزرگ ہیں، انہیں گاڑی سے اتار کر جیل تک پیدل بھیجا گیا، کسی ملک میں سابق صدر کے ساتھ ایسا سلوک نہیں ہوتا۔ اس موقع پر پارٹی رہنماؤں نے کہا کہ صحت کے پیش نظر آپ کو اسپتال داخل کرانا چاہیے یا رہائی ملنی چاہیے ، جس پر نوازشریف نے جواب دیا کہ اسپتال جانے کے بجائے رہائی والی بات دل کو لگی ہے ۔
پارٹی رہنماؤں نے سابق وزیراعظم سے ان کے صحت کے بارے میں استفسار کیا کہ میڈیکل بورڈ نے چیک اپ کیا، ڈاکٹرز نے آپ کی صحت کے بارے میں کیا کہا؟ جس پر نوازشریف نے کہا کہ ڈاکٹرز کہتے ہیں آپ کا دل بڑھا ہوا ہے، میں نے کہا کہ میرا دل تو ویسے ہی بڑا ہے،کھلے دل کا انسان ہوں۔