میرٹھ : ایس پی سٹی کو بیرون ملک سے دی گئی جان سے مارنے کی دھمکی!
میرٹھ ۔۔۔میرٹھ کے 2پولیس افسروں کو بیرون ملک سے جان سے مارنے کی دھمکی دی گئی۔ نامعلوم شخص نے قازقستان سے میرٹھ کے ایس پی اور ایس پی سٹی کو ان کے موبائل فون پر متعدد کالیں کرکے غیر اخلاقی زبان استعمال کی اور انہیں جان سے مارنے کی دھمکی دی گئی۔ایس پی سٹی نے بتایا کہ فون کرنے والے شخص نے 5لاکھ روپے اپنے پاس رکھنے کی بات کہی۔اسی طرح ایس پی ڈاکٹر بی پی اشوک کو بھی فون پر اسی قسم کی دھمکی دی گئی۔ فون کرنے والے نے نام پوچھنے پر گالم گلوچ کیا۔سائبر کرائم کی ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا کہ فون پر دھمکی دینے کیلئے اپدیش رانا کے ٹویٹر اکاؤنٹ کا استعمال کیاگیا ۔تحقیقات کے بعد معلوم ہوا کہ وہ عالمی سناتن سنگھ کا قومی جنرل سیکریٹری ہے اور خود کو ہندو رہنما بتاتا ہے۔ایس پی سٹی کمار رن وجے سنگھ نے بتایا کہ بات چیت سے معلوم ہوا کہ دھمکی دینے والا شخص مقامی معلوم ہوتا ہے کیونکہ اس نے مقامی لہجہ استعمال کیا تھا۔ تمام شواہد جمع کرنے کے بعد ملزم کو جلد گرفتار کرلیا جائیگا۔ اپدیش رانا نے ٹویٹر پر واضح کیا کہ اس دھمکی کی واردات سے اس کا کوئی تعلق نہیں ۔