جو بھی سرکاری خزانے کو نقصان پہنچائے گا سبق سکھائیں گے، شاہ سلمان
ریاض۔۔۔ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے خبردار کیا ہے کہ جو شخص بھی سرکاری خزانے کو نقصان پہنچائے گا اسے سبق سکھائیں گے۔ بدعنوانی کے انسداد، اس کی بیخ کنی اور شفافیت کے تحفظ کی پالیسی پر گامزن ہیں اور رہیں گے۔ کسی بھی شخص کو سرکاری خزانے سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گا۔ وہ منگل کو ریاض کے قصر یمامہ میں اپنی زیر صدارت کابینہ کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ شاہ سلمان نے شاندار کارکردگی کے مظاہرے اور مطلوبہ اہداف ا حسن طریقے سے پورے کرنے پر ولیعہد و سربراہ اعلیٰ کمیٹی برائے انسداد بدعنوانی کمیٹی کے ارکان اور ورکنگ ٹیموں کے کارکنان کو شاباش دی۔ وزیر اطلاعات ترکی الشبانہ نے اجلاس کے بعد سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کو تفصیلات بتاتے ہوئے کہاکہ کابینہ نے وزیر داخلہ کو سائبر جرائم کے انسداد کے سلسلے میں چین کے ساتھ مفاہمتی یادداشت کا اختیار وزیر داخلہ کو تفویض کیا جبکہ ہالینڈ کے دفتر خارجہ کے ساتھ سیاسی مشاورت کے سلسلے میں مفاہمتی یادداشت اور دوہرے ٹیکس سے بچاﺅکے سلسلے میں امارات کے ساتھ کئے گئے معاہدے کی منظوری دی۔ الشبانہ نے بتایا کہ کابینہ نے عالم عرب نیز علاقائی و بین الاقوامی حالات حاضرہ پر پیش کردہ خصوصی رپورٹوں کا جائزہ لیا۔ کابینہ نے سعودی جرمن پالیسی مشاورت کے پہلے سیشن پر اطمینان کا اظہار کیا جبکہ عمان میں کویت ، امارات ، بحرین ، مصر ، سعودی عرب اور اردن کے وزرائے خارجہ کے مشاورتی اجلاس کے نتائج کو تسلی بخش قرار دیا۔ کابینہ نے معمول کے اجلاس میں 8 قراردادیں بھی منظور کیں۔