بیوی اور اس کے دوست کو قتل کرکے نوجوان تھانے پہنچ گیا؟
آگرہ۔۔۔ من سکھ پورا کے گاؤں بڑا پورا میں ایک نوجوان نے بیوی اور اس کے دوست کو پھاوڑے سے حملہ کرکے قتل کردیا۔دُہرے قتل کے بعد شوہرخون آلود کپڑوں کے ساتھ تھانے پہنچااور پولیس کے سامنے قتل کا ماجرا بیان کرتے ہوئے کہا کہ لاشیں گھر میں پڑی ہوئی ہیں۔یہ سن کر پولیس کے ہوش اڑ گئے اور اسے فوراً گرفتار کرلیا۔ذرائع کے مطابق رشی کمار گزشتہ 5،6سال سے دہلی میں مزدوری کرکے گھر کا خرچ چلاتا تھا ۔چھٹی پرآنے جانے کا سلسلہ جاری تھا۔ شوہر نے بتایا کہ اس کی اہلیہ لکشمی کی دوستی راجا کھیڑا کے رہنے والے دیپک سے ہونے پر کئی مرتبہ جھگڑا ہوا لیکن بیوی اسے یقین دلاتی رہی کہ وہ بلا وجہ شک کررہا ہے۔آج صبح جب رشی کمار بیوی سے یہ کہہ کر باہر گیا کہ وہ شام کو واپس آئے گا اور اچانک دوپہر کو وہ گھر پہنچ گیا تو دیپک کو گھر میں موجود پایا۔یہ دیکھ کراس نے بیوی کو زدوکوب کیا اور پھاوڑے سے دیپک اورلکشمی پرحملہ کرکے قتل کردیا۔ ملزم کا اقبالیہ بیان سن کر پولیس ٹیم جائے وقوعہ پہنچی جہاں لکشمی اور دیپک کی لاشیں خون میں لت پت پڑی ہوئی تھیں۔ پولیس نے لاشیں قبضے میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے روانہ کردیں اور ملز م کیخلاف قانونی کارروائی شروع کردی۔