Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یمن سے اسرائیل پر کیے گئے میزائل حملے میں 16 افراد زخمی

غزہ میں جنگ شروع ہونے کے بعد یمن کے حوثی باغیوں نے اسرائیل پر متعدد حملے کیے۔ فوٹو: روئٹرز
اسرائیل کی فوج نے کہا ہے کہ وہ یمن سے لانچ کیے گئے ایک میزائل کو روکنے میں ناکام رہی ہے جو تل ابیب کے قریب گرا۔ مقامی طبی حکام کے مطابق واقعے میں 16 افراد معمولی زخمی ہوئے۔
اسرائیلی فوج نے اپنے ٹیلی گرام چینل پر کہا کہ ’تھوڑی دیر پہلے وسطی اسرائیل میں بجنے والے سائرن کے بعد یمن سے داغے گئے ایک پروجیکٹائل کی نشاندہی کی گئی اور اسے روکنے کی کوشش کی گئی جو ناکام  رہی۔‘
یمن کے ایرانی حمایت یافتہ حوثی باغیوں نے گزشتہ سال اکتوبر میں غزہ کی جنگ شروع ہونے کے بعد سے اسرائیل پر متعدد میزائل حملے کیے جن میں سے بیشتر کو وہاں کے دفاعی نظام نے روک دیا۔
ان حملوں کے جواب میں اسرائیل نے یمن میں متعدد اہداف کو نشانہ بنایا جن میں حوثیوں کے زیرِکنٹرول علاقوں میں بندرگاہوں اور توانائی کی پیداوار کا انفراسٹرکچر شامل ہے۔
اسرائیلی پولیس نے سنیچر کے روز بتایا کہ ’تھوڑی دیر قبل تل ابیب ضلع کے اندر ایک بستی میں ہتھیار گرنے کی اطلاعات موصول ہوئی تھیں۔‘
اسرائیلی میڈیا کے مطابق یہ میزائل تل ابیب کے مشرق میں واقع قصبے بنی براک میں گرا۔  جبکہ اسرائیل کی ایمرجنسی میڈیکل سروس نے بتایا کہ 16 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
ایمرجنسی سروس کے ترجمان نے کہا کہ ’اضافی ٹیمیں سائٹ پر موجود کئی لوگوں کا علاج کر رہی ہیں جو محفوظ علاقوں کی طرف جاتے ہوئے زخمی ہوئے تھے، اور ساتھ ہی ان لوگوں کا بھی جو خوفزدہ ہوئے۔‘
حوثی باغیوں کا کہنا ہے کہ وہ فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کر رہے ہیں اور گزشتہ ہفتے انہوں نے عہد کیا تھا کہ ’غزہ پر جارحیت بند اور محاصرہ ختم ہونے تک آپریشن جاری رکھا جائے گا۔‘
9 دسمبر کو حوثیوں کی جانب سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ اُن کا بھیجا گیا ایک ڈرون وسطی اسرائیل کے شہر یاونے میں رہائشی عمارت کی اوپری منزل پر پھٹ گیا۔
جولائی میں تل ابیب میں حوثیوں کے ڈرون حملے میں ایک اسرائیلی شہری ہلاک ہو گیا تھا جس کے بعد اسرائیل نے یمنی بندرگاہ حدیدہ پر جوابی حملے کیے تھے۔
حوثیوں نے بحیرہ احمر اور خلیج عدن میں غیرملکی بحری جہازوں کو بھی تواتر سے نشانہ بنایا ہے جس کے جواب میں امریکی اور بعض اوقات برطانوی افواج حوثی اہداف پر حملے کرتی رہی ہیں۔
حوثی باغیوں کے مطابق جمعرات کو اسرائیل کے یمنی دارالحکومت صنعا میں کیے گئے فضائی حملوں میں نو عام شہری مارے گئے تھے۔

شیئر: