اکثر اوقات ایسا ہوتا ہے کہ کھانے کے بعد اپھارے کی شکایت ہونے لگتی ہے ۔ اگر ایسا روزانہ ہر کھانے کے بعد ہونے لگے تو سستی ، تھکاوٹ ، معدے کا بوجھل پن اور درد محسوس ہونے لگتا ہے ۔ ایسا تب ہوتا ہے جب آپ بہت زیادہ کھا لیں یا کھانے کے بعد بوجھل پن اور معدے میں ورم کا شکار ہوں ۔ یہ تکلیف ، بے آرامی اور پیٹ میں درد کا سبب بنتا ہے ۔ اس کا سبب بدہضمی اور معدے پر پریشر بھی ہو سکتا ہے ۔ اپھارے کی عام وجوہات میں غذائ نالی کے مسلز میں خلل پیدا ہونا ہے ۔ بہت سی ایسی غذائیں بھی ہیں جو کھانے کے بعد اپھارے کا سبب بنتی ہے ۔
پھلیاں کاربوہائیڈریٹ ، پروٹین ، وٹامن ، منرلز اور فائبر سے بھرپور ہوتی ہیں ۔ کثیر مقدار میں فائبر ہونے کے سبب یہ اپھارے کا سبب بن سکتی ہیں ۔ اس میں اولیگو سیکرائڈز موجود ہوتے ہیں جو زود ہضم نہیں ہوتے ۔
بعض اوقات گندم بھی اپھارے کا سبب بنتی ہے ۔ گندم میں گلوٹین نامی پروٹین شامل ہوتی ہے جو گیس اپھارہ پیٹ میں درد اور بعض لوگوں میں لوز موشن کا سبب بنتی ہے ۔ ڈبل روٹی ، پاستا اور دیگر بیک کی ہوئی چیزیں گلوٹین پروٹین سے بھرپور ہوتی ہیں . اگر آپ کا معدہ ان چیزوں کو برداشت نہیں کرتا تو ان سے اجتناب ہی بہتر ہے ۔
ڈیری پراڈکٹس جن میں دودھ ، دہی اور پنیر شامل ہیں کیلشیم اور پروٹین کا اہم ذریعہ ہوتے ہیں ۔ البتہ کچھ لوگ ڈیری پراڈکٹس سے الرجک ہوتے ہیں ۔ اسے لیکٹوز عدم برداشت کہا جاتا ہے ۔ یعنی کہ ان کا جسم لیکٹوز کو ہضم کرنے کے قابل نہیں ہوتا .
پراسیسڈ اور پیکجڈ فوڈز بھی اپھارے کا سبب بن سکتی ہیں ۔ ان غذاؤں میں بہت زیادہ مقدار میں چینی اور نمک شامل ہوتا ہے جو جسم میں پانی کی کمی کا سبب بن سکتے ہیں ۔
اسی طرح کاربونیٹڈ ڈرنکس بھی گیس اور اپھارے کا سبب بنتی ہیں ۔ ان ڈرنکس میں بہت زیادہ مقدار میں کاربن ڈائی آکسائیڈ گیس موجود ہوتی ہے ۔ جب آپ اس قسم کے مشروبات پیتے ہیں تو جسم میں بہت زیادہ مقدار میں گیس جمع ہونا شروع ہوجاتی ہے جو تیزابیت ، بدہضمی ، معدے میں جلن اور پیٹ میں درد کا سبب بنتی ہے ۔صحت مند مشروبات جیسا کہ لیموں پانی ، ناریل کا پانی اور پھلوں اور سبزیوں کے جوس اس تکلیف کو رفع کرنے میں مدد دے سکتے ہیں ۔