رئیل میڈرڈ اور بارسلونا کے درمیان پہلا سیمی فائنل 1-1سے برابر
بارسلونا: ہسپانوی فٹبال ٹورنامنٹ کوپا ڈیل رے کے پہلے سیمی فائنل میں روایتی حریفوں رئیل میڈرڈ اور بارسلونا کے درمیان میچ 1-1 گول سے برابر ہو گیا ۔ رئیل میڈرڈ کے کھلاڑی گیرتھ بیل کو ا یک سنہری موقع ملا لیکن اس پر وہ گول نہ کر سکے جس کے باعث ان کی ٹیم کو بارسلونا کے خلاف وہ برتری نہ مل سکی جو دوسرے سیمی فائنل میں بھی کام آسکتی تھی۔ اب دونوں ٹیمیں برابری کے ساتھ دوسرے سیمی فائنل میں اتریں گی اور فائنل کھیلنے والی ٹیم کا فیصلہ ہو گا۔ دونوں ٹیموں کے ہونے والے مقابلے اپنی مقبولیت اور سپر اسٹار کھلاڑیوں کی موجودگی کے باعث انتہائی شاندار ہوتے ہیں۔اس سیزن میں رئیل میڈرڈ کرسٹیانو رونالڈو کے بغیر کھیل رہی ہے جو ہسپانوی کلب چھوڑ چکے ہیں جبکہ پہلے سیمی فائنل میں بارسلونا نے لیونل میسی کو دوسرے ہاف کے دوران میدان میں اتارا گیا۔ میسی لا لیگا میچ میں زخمی ہونے کے بعد فٹ تو ہو گئے تھے لیکن ٹیم انتظامیہ نے انہیں مکمل میچ کھلانے کا خطرہ مول نہیں لیا۔بارسلونا کے ہوم گراونڈ پر کھیلے گئے اس میچ کو دیکھنے کے لئے 92 ہزار سے زیادہ تماشائی اسٹیڈیم پہنچے۔میچ کے چھٹے منٹ میں کریم بینزیما کے پاس پر لوکاس نے گول کرکے رئیل میڈرڈ کو سبقت دلادی اور پہلا ہاف رئیل میڈرڈ کے نام رہا۔ دوسرے ہاف کے 57 ویں منٹ میں بارسلونا کے میلکم نے گول کرکے مقابلہ 1-1 سے برابر کردیا۔ 63 ویں منٹ میں فٹنس مسائل سے دوچار لیونل میسی کو بھی میدان میں بھیجا گیا لیکن ان کی مہارت بھی کام نہ آئی اور بارسلونا دوسرا گول نہ کر سکی ۔ دوسری جانب گیرتھ بیل کو ایک مرتبہ پھر ہیرو بننے کا موقع ملا لیکن وہ ایک یقینی گول ضائع کرکے رئیل میڈرڈ کو برتری دلانے میں ناکام رہے ، اب دوسرے سیمی فائنل کے ذریعے دونوں سپر ٹیموں میں سے ایک کو فائنل تک پہنچنے کا موقع مل سکے گا۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردو نیوز اسپورٹس"جوائن کریں