جلد کی حفاظت اور قدرتی کلینزنگ
خواتین کا خیال ہے کہ اگر ان کی جلد چکنی ہے تو انہیں کسی قسم کے موسچرائزر کی ضرورت نہیں ہے ۔ حالانکہ تحقیقات سے ثابت ہو چکا ہے کہ کوئی بھی کریم یا دوا چہرے پر تب اثرانداز ہوتی ہے جب چہرہ خشکی سے کھنچا ہوا نہ ہو بلکہ اسے مناسب انداز میں نمی فراہم کر دی گئی ہو ۔
جلد کی نمی برقرار رکھنے اور اسے صاف و شفاف بنانے کے لیے لیموں کے عرق کو پانی میں مکس کرکے دن میں دو دفعہ روئی کے ساتھ چہرے پر لگائیں ۔ لیموں کا عرق لگانے سے جلد کے اوپر جمع میل ، گرد و غبار اور سیاہی اترنے لگتی ہے اور اندر سے شفاف جلد نکلنے لگتی ہے ۔ سرخ پیاز کو دھبوں پر لگانے سے جلد پر پڑے نشان اور دھبے کم ہو جاتے ہیں ۔ کیونکہ پیاز اور لیموں دونوں میں ایک جیسی تیزابیت پائی جاتی ہے ۔
چہرے پر ہلکا سا زیتون کا تیل لگائیں اور ہلکے نیم گرم پانی سے چہرہ دھونے کے بعد خشک کرلیں ۔ زیتون کا تیل ایک بہترین کلینزر کا کام کرتا ہے اور دیگر کریموں اور بازاری کلینزر کی نسبت چہرے کی دھول مٹی کو زیادہ گہرائی سے صاف کرتا ہے اور داغ دھبوں کو بھی ہلکا کرتا ہے ۔
اپنے کھانے میں وٹامن سی کی مقدار کو بڑھائیں ۔ لیموں ، کینو اور مسمی جیسے ترش پھلوں میں وٹامن سی کافی مقدار میں پایا جاتا ہے یہ جلد کی بہتری کے لئے بہت ضروری ہے ۔ اس کے علاوہ دھوپ میں نکلتے وقت چہرے پر سن بلاک کا استعمال ضرور کریں اورجس قدر ممکن ہو روز مرہ معمول میں پانی کی مقدار کو بڑھائیں ۔