سعودی ولیعہد نے ”صدی کا سودا“مسترد کرکے امریکہ کو مطلع کردیا، الفتح تحریک
ریاض۔۔۔ الفتح تحریک کی مرکزی کمیٹی کے سیکریٹری جبریل الرجو ب نے بتایا ہے کہ سعودی ولیعہد شہزادہ محمد بن سلمان نے " صدی کا سودا" مسترد کرکے امریکی عہدیداروں کو یہ کہہ کر مطلع کردیا تھا کہ سعودی عرب کو ایسا کوئی معاہدہ قبول نہیں جو فلسطینی عوام کے جائز حقوق کا ضامن نہ ہو۔ الرجوب نے فلسطینی جریدے القدس کو انٹرویو میں یہ بات کہتے ہوئے واضح کیا کہ فلسطینی قیادت کے پاس اس موقف کے شواہد موجود ہیں۔ امریکہ عرب اور دنیا بھر کے ممالک میں صدی کے سودے کا پرچار کررہا تھا ، ناکام ہوگیا۔ اب وہ اس سودے کے اقتصادی پہلوﺅں کا پرچار کررہا ہے۔ انہوں نے توجہ دلائی کہ فلسطینی قیادت کو یہ اطلاعات ملی ہیں کہ امریکی حکومت صدی کے سودے کی منظوری اور القدس میں امریکی اقدامات نیز فلسطینی پناہ گزینوں کے خلاف عرب ممالک کی تائید و حمایت حاصل کرنا چاہتی تھی۔ اسے اس سلسلے میں ناکامی ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری قیادت مسئلہ فلسطین سے متعلق سعودی عرب ، مصر اور اردن کے موقف کی بابت پوری طرح مطمئن ہے۔ تما م عرب مسئلہ فلسطین کے حل کیلئے عرب امن فارمولے پر متفق ہیں۔ امریکی وزیر خارجہ نے سعودی حکومت سے ٹرمپ کے مشرق وسطیٰ امن منصوبے کی تائید و حمایت کی درخواست کی تھی جسے سعودی عہدیداروں نے یہ کہہ کر مسترد کر دیا کہ ایسا کوئی بھی منصوبہ جس میں فلسطینیوں کے مطالبات قبول نہ کئے گئے ہوں، ان کے حقو ق نہ مانے گئے ہوں، القدس کو فلسطینی حکومت کا دارالحکومت نہ تسلیم کیا گیا ہو ایسا کوئی بھی منصوبہ ہمارے لئے ناقابل قبول ہے۔