واشنگٹن ۔۔۔امریکی پولیس نے مبینہ طور پر پاکستان سے تعلق رکھنے والی کالعدم تنظیم میں شمولیت اختیار کرنے کے خواہشمند نیو یارک کے رہائشی کو گرفتار کرلیا۔امریکی اٹارنی جنرل جیوفرے برمین کے مطابق 29 سالہ جیسس والفریڈو کو گزشتہ ہفتے اسوقت گرفتار کیا گیا جب وہ کینڈی ایئرپورٹ سے فلائٹ کے ذریعے پاکستان روانہ ہونے والا تھا۔ جیسس والفریڈو لشکر طیبہ میں شمولیت اختیار کرنا چاہتا تھا۔ اس تنظیم پر ممبئی میں 2008 میں ہونے والے حملوں کا الزام ہے۔پراسیکیوٹر نے بتایا کہ جیسس والفریڈو نے تنظیم میں شمولیت اختیار کرنے کے لیے آن لائن رابطے کی کوشش بھی کی۔جیسس والفریڈو پر غیر ملکی تنظیم کی حمایت سے متعلق لٹریچر فراہم کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ یہ واضح نہیں ہوا کہ اسے الزامات کے خلاف اپنے حق کے لیے وکیل کرنے کی اجازت دی گئی ہے یا نہیں۔