دھوکہ باز مسٹر اینڈ مسز گرفتار؟
نئی دہلی۔۔۔دہلی سمیت ملک کی مختلف ریاستوں میں لوگوں کو دھوکہ دیکر کروڑوں روپے اینٹھنے والے مسٹر اینڈ مسز کو جنوبی دہلی کی پولیس نے گرفتار کرلیا۔ ان کی شناخت ونود بنسل اور اہلیہ پریتی بنسل کے طور پر ہوئی۔ونود بنسل پنجاب میں پیدا ہوا اور پنجاب یونیورسٹی سے گریجویٹ کیا جبکہ اہلیہ غازی آباد کے رہنے والی ہے۔ اس نے چودھری چرن سنگھ یونیورسٹی سے پوسٹ گریجویٹ کررکھا ہے۔1983ء میں دونوں نے دہلی اور فریدآباد میں پراپرٹی ڈیلنگ کا کام شروع کیا۔2006ء میں سی بی آئی نے ایک گروپ ہاؤسنگ اسکینڈل میں انہیں گرفتارکرلیا۔ جیل سے رہائی کے بعدانہوں نے لدھیانہ میں اسکول کھولا اور اس میں درجنوں افراد کو شریک کار بنایا اور پھر اسکول بند کرکے فرار ہوگئے۔پولیس اور دیگر سیکیورٹی ایجنسیوں سے بچنے کیلئے غازی آباد میں مقیم تھے۔یہ ایک درجن سے زائد مقدمات میں مطلوب تھے۔یہ جوڑا 30کروڑ سے زائد رقم لوگوں کوبیوقوف بناکر اینٹھ چکا ہے۔بینکوں کے علاوہ کئی مالیاتی اداروں اور ایجنسیوں سے بھی قرضے لے رکھا ہے ۔بعض نجی سرمایہ کاروں سے بھی 8سے 10لاکھ روپے لیکر اپنے پروجیکٹ میں لگا رکھا تھا۔ڈی سی پی وجے کمار نے بتایا کہ کوٹلہ مارکپور تھانے کی پولیس کو پتہ چلا کہ سی بی آئی کے ذریعے درج کئے گئے لوٹ مار، جرائم کی سازش اور جعلسازی کے معاملات میں ونود اور پریتی کومفرور قراردیا گیا ہے جن کی تلاش جاری ہے ،توپولیس نے اس دھوکہ باز جوڑے کو گرفتار کرنے کیلئے کارروائی شروع کردی اور جدید ٹیکنالوجی اور خفیہ ذرائع کی مدد سے ملزمان کو سوریہ ویہار علاقے سے گرفتار کرلیا۔پوچھ گچھ کے دوران معلوم ہوا کہ ان پر 20مقدمات قائم ہیں۔ ان میں سے 13معاملات میں عدالتوں نے مفرور قرارد ے رکھا تھا۔دہلی کے علاوہ ، پنجاب، ہریانہ اور دیگر ریاستوں کے لوگوں سے بھی کروڑوں روپے بیوقوف بناکر ہتھیالئے تھے۔پولیس نے ان تمام معاملات کے بارے میں مسٹر اینڈ مسز سے پوچھ گچھ شروع کردی ۔