یوروپا لیگ:آرسنل کی اپ سیٹ شکست
اسٹاکہوم:یورپیئن فٹبال ٹورنامنٹ یوروپا لیگ میں انگلش کلب آرسنل کو بیلاروس کے کلب بیٹ بوریسوونے اپ سیٹ شکست سے دوچار کر دیا جبکہ چیلسی نے سویڈش کلب مالمو کو ہرا کر اپنے کوچ ماریزو ساری کو کسی حد تک اطمینان کا سانس لینے کا موقع دے دیا ۔لیگ کے پہلے مرحلے کے پری کوارٹر فائنل میچ میں آرسنل کی ٹیم غیر متوقع طور پر بیٹ بوریسوو کے ہاتھوں0-1کی شکست سے دوچار ہو گئی ۔ بیلاروس کا کلب اپنے ملک کا چیمپیئن کلب ہے لیکن کسی کو توقع نہیں تھی کہ وہ آرسنل کو اس طرح ہرا دے گا۔ میچ کا واحد گول پہلے ہاف کے آخری منٹ میں اسٹینسلادراہن نے کیا جو میچ کیلئے بھی فیصلہ کن ثابت ہوا۔ آرسنل کی شکست کے ساتھ الیگزینڈر لاکازیتی کو خطرناک فاول کر نے پر ریڈ کارڈ بھی مل گیا ، دوسرے مرحلے کے میچ سے وہ بھی باہر ہوگئے۔اسی لیگ کے سویڈن میں کھیلے جانے والے ایک اور میچ میں انگلش کلب چیلسی نے مقامی کلب مالمو کو1-2سے ہرایا۔ اس کامیابی نے چیلسی کی پریمیئر لیگ میں مسلسل ناکامیوں سے دباو کا شکار کوچ ساری کو کچھ سکون فراہم کیا جبکہ کلب کیلئے کوارٹر فائنل تک رسائی کی امید بھی بڑھ گئی۔روس بارکلے نے چیلسی کو برتری دلائی جسے دوسرے ہاف میں اولیور جیراڈ نے دگنا کیا ۔میچ کے آخری منٹوں میں میزبان کلب کے آندرس کرسٹیان نے گول کرکے خسارہ کم کیا تاہم چیلسی میچ اپنے نام کرنے میں کامیاب رہی ۔ہوم گراونڈ پر ہونے والے دوسرے میچ میں وہ اس برتری کو اگلے مرحلے تک پہنچنے کیلئے استعمال کر سکتی ہے۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردو نیوز اسپورٹس"جوائن کریں