7ارکان نے لیبر پارٹی چھوڑدی
لندن ۔۔۔ برطانیہ کی اپوزیشن جماعت لیبر پارٹی کے 7 اراکین نے بریگزٹ معاملے پر پارٹی سے علیحدگی کا اعلان کردیا۔ ان اراکین نے اپنے بیان میں کہا کہ لیبر پارٹی اب ان پالیسیوں پر چل رہی ہے جو ہماری قومی سلامتی کو کمزور کرسکتی ہیں، ان ممالک کے بیانات کو تسلیم کر رہی ہے جو ہمارے ملک کے لیے خطرہ ہیں اور بریگزٹ کے چیلنج سے نمٹنے میں ناکام رہی ہے۔یہ اعلان برطانیہ کی یورپی یونین سے علیحدگی سے قبل ایک بڑا سیاسی نقصان ہے جس سے ملک کی دو بڑی جماعتیں کنزرویٹوز اور لیبر پرو- بریگزٹ اور پرو – یورپی یونین میں تقسیم ہوگئی ہیں۔ علیحدگی کا اعلان کرنے والے 7 اراکین لیبر پارٹی کے 256 قانون سازوں یا برطانوی پارلیمنٹ کے 650 قانون سازوں کا ایک چھوٹا سا حصہ ہیں۔تاہم یہ لیبر پارٹی کو 1981 کے بعد پہلا بڑا دھچکا ہے جب 4 سینیئر اراکین نے علیحدگی اختیار کرکے سوشل ڈیموکریٹک پارٹی بنائی تھی۔