اسلام آباد... پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے سندھ اسمبلی کے ا سپیکر آغا سراج درانی کی نیب کے ہاتھوں گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ ایک اور اسپیکر کے خلاف بھی الزامات اور سپریم کورٹ کے بھی ریمارکس ہیں ۔ اپوزیشن جماعتوں کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک صوبے کے اسپیکر اور دوسرے صوبے کے اسپیکر کے درمیان فرق رکھا گیا ہے ۔خورشید شاہ نے کہاکہ ایک سینیٹر جس کے خلاف سپریم کورٹ کے جج کی تحقیقات ہیں اس سینٹر کا تعلق حکومتی جماعت سے ہے،اسے ہاتھ تک نہیں لگایا گیا۔انہوںنے کہاکہ اس طرح کی گرفتاریاں سے وفاق پر حملہ ہیں۔ اس موقع پر ن لیگ کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی رانا ثناءاللہ نے کہا کہ اگر اسمبلی اسپیکر کے خلاف کوئی الزامات تھے تو اس کےخلاف ریفرنس دائر کیا جاسکتا تھا۔ ضروری نہیں انہیں گرفتار کیا جاتا۔ انہوں نے کہاکہ بابر اعوان کے خلاف بھی کیس ہے لیکن اسے گرفتار نہیں کیا گیا۔