حکومت کو اب مزید وقت نہیں دیں گے،زرداری
اسلام آباد.. سابق صدر اورپیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے کہا ہے کہ اسپیکر سندھ اسمبلی آغاسراج درانی کو آج گرفتار کیا گیا ۔اس کی مذمت کرتے ہیں۔پہلے بھی ایسے رویوں کا سامنا کیا ہے۔ آئندہ بھی کریں گے۔ پیپلزپارٹی نیب کا مقابلہ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ جیل میرا دوسرا گھر ہے۔بلاول میرا اور بے نظیر بھٹو کا بیٹا ہے۔وہ مقابلہ کرے گا۔ اسے کیا ڈراو گے ۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران زرداری نے الزام لگایا کہ نیب میں ایک سندھی افسر ہیں جو ہمارے سندھی رہنماوں کو گرفتار کررہے ہیں۔ ہر دور میں پیپلز پارٹی کو اپنوں نے ہی دغا دی۔ ہمارے رہنماوں کی گرفتاریاں کوئی نئی بات نہیں۔ اسپیکر کو گرفتار کرکے جمہوریت کو چیلنج کیا جارہا ہے۔ انہوںنے سوال کیا کہ آغا سراج درانی کو اسلام آباد سے کیوں گرفتار کیا گیا؟ اسپیکر سندھ اسمبلی اجلاس میں آرہے تھے۔ چھپ کر نہیں بیٹھے تھے۔ زرداری نے کہا کہ ملک مشکل حالات سے گزر رہا ہے۔ ہنگامی حالات میں کشمیر کی صورتحال اہم ہے۔ نابالغ حکومت کوسمجھ نہیں آرہی۔ بیک سیٹ ڈرائیور کو سیاست سمجھ نہیں آرہی۔ نئی حکومت کے آنے سے پاکستان دنیا میں مزید تنہا ہوگیا۔ انہوں نے کہا کہ ہند نے جارحیت کی تو پیپلز پارٹی پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہوگی ۔نئی دہلی نے ممبئی حملوں کا الزام بھی پاکستان پر لگایا تو پاکستان نے سفارتی محاذ پر اس کا مقدمہ لڑا۔ ماضی میں بھی ایسے مسائل پر پارلیمنٹ کا اجلاس بلایا۔ موجودہ حکومت کوعالمی سطح پر بہترین سفارت کاری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ ہم ہمسایوں کے ساتھ سیاسی حل نکالنے کی کوشش کرتے ہیں۔ایک سوال پر زرداری نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن کے قدم کے ساتھ قدم بڑھائیں گے۔اگر حکومت دعوت دیتی تو سعودی ولی عہد سے ملاقات کے لئے ضرور جاتا۔انہوں نے کہا کہ چاہتے تھے کہ موجودہ حکومت چلے اور لوگوں کے مسائل حل کرے لیکن حکومت کو جتنا وقت دینا تھا دے دیا اب مزید نہیں دیں گے۔ حکومت کے خلاف احتجاج عوامی مسائل پر کریں گے۔