آمدن سے زیادہ اثاثے رکھنے پر اسپیکر سندھ اسمبلی گرفتار
اسلام آباد (اعظم خان) پاکستان کے قومی احتساب بیورو (نیب) نے پیپلز پارٹی کے رہنما اورا سپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کو بدھ کو اسلام آباد سے گرفتار کرلیا۔ترجمان قومی احتساب بیورو کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق آغا سراج درانی کو آمدن سے زیادہ اثاثے رکھنے کے مقدمے کا سامنا ہے۔ترجمان کے مطابق نیب ان کو حراست میں لے کر تفتیش مکمل کرنا چاہتا ہے کہ بطورعوامی عہدیددار سراج درانی نے یہ اثاثے کیسے حاصل کئے۔ نیب کراچی نے نیب راولپنڈی کی مدد سے انہیں اسلام آباد سے گرفتار کیا۔ ترجمان کے مطابق آغاسراج درانی کو جمعرات کو ریمانڈ کے لیے احتساب عدالت کے سامنے پیش کیا جائے گا۔قومی احتساب بیورو نے آغا سراج درانی کو گرفتاری کے فوری بعد ہی اسلام آباد کی ایک احتساب عدالت کے سامنے پیش کردیا۔عدالت کے جج محمد بشیر نے نیب حکام سے استفسار کیا کہ ا سپیکرسندھ اسمبلی کوکس مقدمے میں گرفتار کیا گیا جس کےجواب میں نیب پراسیکیوٹر سہیل اصغر نے کہا کہ انہیں آمدن سے زائد اثاثے رکھنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔عدالت نے نیب کی استدعا منظور کرتے ہوئے آغا سراج درانی کا3 دن کا سفری ریمانڈ دے دیا جبکہ نیب اسپیکر سندھ اسمبلی کا میڈیکل چیک اپ بھی کرائے گا۔نیب نے عدالت کومزید بتایا کہ وہ سراج درانی کوجلد کراچی منتقل کردیں گے۔سراج درانی نے جج محمد بشیر سے مخاطب ہوکر کہا کہ وہ خود بھی بدھ کی شام واپس کراچی جارہے تھے۔آغا سراج درانی نے اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ نیب نے گرفتاری سے پہلے انہیں بلایا تک نہیں۔نیب نے مجھے ایک سوالنامہ بھیجا تھا جس کا میں نے جواب دے دیا ،اس کے بعد کوئی نوٹس نہیں بھیجا۔عدالت میں موجود نیب حکام نے سراج درانی کو بات کرنے سے منع کردیا اور کہا اب میڈیا کو ہم بتائیں گے کہ گرفتاری کس قانون کے تحت عمل میں لائی گئی۔ خیال رہے کہ اس سے قبل نیب سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق اور ان کے چھوٹے بھائی سابق صوبائی وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق کو بھی گرفتار کرچکا ہے جبکہ پیپلز پارٹی کے شرجیل میمن کو بھی نیب نےگرفتار کیا تھا۔حال ہی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو نیب نے گرفتار کرلیا تھا جس کے بعد لاہور ہائی کورٹ نے ان کو ضمانت پر رہا کردیا۔سابق وزیراعظم نوازشریف ابھی نیب ریفرنس میں سزا پانے کے بعد لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں پابند سلاسل ہیں۔ دوسری جانب نیب اس وقت سابق صدر آصف علی زرداری، ان کی بہن فریال تالپور اور پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے خلاف منی لانڈرنگ کیس میں تفتیش کررہا ہے۔