تحریک انصاف کے لوگوں کا بھی احتساب ہوگا،فواد چوہدری
اسلام آباد...وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہاہے کہ نیب کسی کارروائی پر حکومت سے نہیں پوچھتا۔ا سپیکر سندھ اسمبلی کی گرفتاری سے حکومت کا کوئی لینا دینا نہیں۔ احتساب کو سیاست سے جوڑنا مناسب نہیں۔ حکومت نے ہمیشہ قانون کی عمل داری کی حمایت کی ہے ۔ ایک سوال پر انہوںنے کہاکہ تحریک انصاف کے لوگوں کا بھی احتساب ہو گا۔ رول آف لاءکو سپورٹ کریں گے ۔ احتساب بیورو آزادانہ طور پر اپنا کام کررہا ہے۔ ملکی ترقی کےلئے قانون کی حکمرانی ہونی چاہیے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مودی سرکار بچگانہ رویہ اختیار کرتے ہوئے پاکستان مخالف جذبات کو استعمال نہ کریں ۔ ہندوستانی وزیر اعظم کارکردگی کی بنیاد پر الیکشن لڑیں ۔ پاکستان مخالف مہم نہ چلائیں ۔پوری قوم فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔کوئی میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا ۔ نئی دہلی مذاکرات پر آنا چاہے تو ہم تیار ہیں ۔وزیراطلاعات نے کہا کہ کلبھوشن کو 47سال کی عمر میں ریٹائر کیا گیا۔ سوال یہ ہے کہ کلبھوشن کو عمر کی حد سے پہلے کیوں ریٹائر کیا گیا؟۔ کلبھوشن کے پاس اصل ہندوستانی پاسپورٹ ہے ۔ الزام لگاتا ہے کہ کلبھوشن کو چاہ بہار سے پکڑا گیا ۔ چاہ بہار سے پاکستان تک کے 9 گھنٹے کے سفر کے ہند کے پاس کیاثبوت ہیں؟۔فواد چوہدری نے کہا کہ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں ہندوستانی رویئے کی مذمت کی گئی۔انہوںنے کہا کہ تعلقات کو معمول پر لانا چاہتے ہیں۔کسی قسم کی کشیدگی نہیں چاہتے ۔ بتانا چاہتے ہیں کہ ہم نے چوڑیاں نہیں پہنی ہوئیں۔ پاکستانی افواج کی بہادری کو دنیا تسلیم کرتی ہے ۔ پوری قوم فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔کوئی میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔