آئل ریفائنری سے دونوں کو فائدہ ہوگا، عبدالمالک مجاہد ، عمران خان نے پاکبانوں کے دل جیت لئے، جمعیت اہلحدیث ریاض
ریاض( ذکاءاللہ محسن) ولیعہد محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان سے ملک میں آنے والی سرمایہ کاری ، ویزا فیسوں میںکمی اور قیدیوں کی رہائی جیسے اقدامات پر اظہار خیال کیلئے جمعیت اہلحدیث ریاض نے خصوصی تقریب کا اہتمام کیا۔ جمعیت کے کارکنان ، سیاسی سماجی اور ادبی جماعتوں کے عہدیدار شریک ہوئے۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ اس دورے کی بدولت پاک سعودی تعلقات بلندیوں کو چھو لیں گے۔ جمعیت اہلحدیث ریاض کے امیر عبدالمالک مجاہد نے کہا کہ سعودی ولیعہد کا دورہ پاکستان مختلف حوالوں سے بے حد اہم ہے۔ سعودی عرب واحد ملک ہے جہاں پاکستان کے باہر 25 لاکھ سے زیادہ اس کے شہری اقامت پذیر ہیں۔ سعودی عرب نے گیم چینجرر منصوبے سی پیک میں آئل ریفائنری کے قیام کا فیصلہ دونوں ملکوں کے وسیع تر مفاد میں کیا ہے۔ اس سے پاکستان کو بھی فائدہ ہوگا ، پورے خطے کی معاشی حالت بھی تبدیل ہوگی۔ ویزا فیس میں کمی قیدیوں کی رہائی اور 20 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے فیصلے کرکے سعودی ولیعہد نے پاکستانیوں کے دل جیت لئے۔ وزیراعظم عمران خان نے بھی مملکت میں مقیم پاکبان کا دل جیت کر مزید اعتماد حاصل کرلیا۔ انہوں نے ولیعہد کے دورے کو کامیاب بنانے میں قابل قدر کردار ادا کیا ہے۔ تقریب سے خالد اکرم رانا، رانا عبدالرﺅف، حافظ عبدالوحید، حنیف بابر، ہمایوں محسود، خادم بجاڑ، رانا خادم، فیصل علوی، بخت شیر خان، تصدق گیلانی، ریاض راٹھور، احسن عباسی، اسحاق میمن، محمود باجوہ، سردار عبدالرزاق خان اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے وزیراعظم عمران اور ولی عہد محمد بن سلمان کی جانب سے پاک سعودی تعلقات کو نئی جہت دینے اور تعلقات کو اقتصادی اور تجارتی بنیادوں پر استوار کرنے پر اظہار تشکر پیش کیا اور دورے کے دوران ہونے والے اقدامات کو خوب سراہا۔