Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دلچسپ مقابلے کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی چوتھی کامیابی

شارجہ: لاہور قلندرز کے 144 رنز کا ہدف  کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کپتان سرفراز احمد کی شاندار نصف سنچری کی بدولت آخری اوور میں 7 وکٹوں پر حاصل کر لیا۔ پاکستان سپر لیگ کے 12ویں میچ میں سرفراز احمد 36 گیندوں پر 52 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر مین آف دی میچ رہے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ لاہور قلندرز کے فخرزمان اور سہیل اختر نے اننگز کا آغاز کیا تو فخرزمان صرف 3 رنز بناکر محمد نواز کا شکار ہو گئے، سلمان بٹ اپنے دوسرے میچ میں بھی ناکام ثابت ہوئے اور 5 رنزبناسکے ۔ سہیل اختر نے 39 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جس میں 3 چھکے اور ایک چوکا شامل تھا جبکہ پاکستان سپر لیگ میں پہلا میچ کھیلنے والے نیوزی لینڈکے بیٹسمین کورے اینڈرسن کی اننگز بھی 19 رنز تک محدود رہی اور گزشتہ میچ کے ہیرو ڈیوڈ ویزے اس میچ میں 20 رنز ہی بنا سکے ۔ کپتان اے بی ڈی ویلیئرز 45 رنز پر ناٹ آوٹ رہے،وہ کریز پر اداس نظر آرہے تھے اور تیزی سے اسکور لینے کی کوشش میں بری طرح گر گئے جس کے بعد کافی دیر کریز پر ہاتھ پھیلائے لیٹے رہے۔ مقررہ 20 اوورز میں لاہور قلندرز 7 وکٹوں پر 143 رنز ہی بناسکی۔گلیڈی ایٹرز کے غلام مدثر 21 رنز کے عوض تین وکٹیں لے کر نمایاں بولر رہے۔ سہیل تنویر نے2 جبکہ محمد نواز اور انور علی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔جواب میںکوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا آغاز اچھا نہیں تھا اور کوئٹہ کی 3 وکٹیں 53 پر گر چکی تھیں ۔ سرفراز احمد وکٹ پہلی گیند پر ایل بی ڈبلیو قرار پائے لیکن ریویو نے بچا لیا اس کے بعد سرفراز احمد نے غلطی نہیں کی اورمحمد نواز نے کپتان کا ساتھ دیا۔فیلڈنگ میں لاہور قلندرز کی کارکردگی خراب نظرآئی ، 5 یقینی رن آوٹ کے مواقع گنوادیے۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی پی ایس ایل 4میں یہ مسلسل چوتھی کامیابی ہے۔
کھیلوں کی  مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ "اردو  نیوز اسپورٹس" جوائن کریں

شیئر: