سرفراز احمد کو ورلڈ کپ کیلئے کپتان برقرار رہنے پر مبارکبادیں
لاہور:پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتانوں شاہد آفریدی، محمد حفیظ ، شعیب ملک، وقار یونس اور شعیب اختر نے کرکٹ ورلڈ کپ 2019ءکیلئے سرفراز احمد کو کپتان برقرار رہنے پر مبارکباد یں پیش کی ہیں۔ انہوں نے چیئر مین پی سی بی احسان مانی کی جانب سے سرفراز احمد پر بھرپور اعتماد کرتے ہوئے کپتان قائم رکھنے کے فیصلے کو مثبت اقدام قرار دیا ہے۔ شاہد آفریدی نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں اسے بہترین فیصلہ قرار دیا۔ریکارڈ ساز آل راونڈر نے کہا کہ سرفراز احمد نے خود کو ایک لیڈر کے طور پر منوایا ہے اور انہیں مکمل حمایت ملنی چاہیے۔انہوں نے سرفراز احمد سے ورلڈ کپ میں اچھی کارکردگی کی امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ان کیلئے بہترین موقع ہے وہ میگا ایونٹ کو یاد گار بنائیں۔ شعیب ملک اور محمد حفیظ نے بھی سرفراز احمد کو ورلڈ کپ کیلئے کپتان مقرر ہونے پر مبارکباد پیش کی۔آل راونڈر محمد حفیظ نے نیک تمناوں کا اظہار کیا جبکہ شعیب ملک نے کہا کہ ہم پچھلی مرتبہ کی طرح اس مرتبہ بھی انگلینڈ میں جیتیں گے۔سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے بھی سرفراز احمد کو کپتان مقرر ہونے پر مبارکباد پیش کی۔انہوں نے سرفراز احمد کو ٹیم کی بہترین قیادت کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے ورلڈ کپ میں کامیابی کی امیدیں وابستہ کرلیں۔ سابق کپتان اور ہیڈ کوچ وقار یونس نے سرفراز احمد کے نام اپنے مبارکباد کے پیغام میں کہا کہ ورلڈ کپ کیلئے سرفراز کا کپتان نامزد ہونا اعزاز کی بات ہے۔انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ کیلئے کپتان بننا بہت بڑی ذمہ داری ہے، میری نیک خواہشات سرفراز احمد کے ساتھ ہیں۔ میں سمجھتا ہوں کہ سرفراز احمد میں اتنی صلاحیتیں ہیں کہ وہ یہ ٹرافی ایک مرتبہ پھر پاکستان لا سکتے ہیں۔ دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ نے گزشتہ بیان کی مختلف تاویلیں پیش کی ہیں ۔پی سی بی ترجمان کی جانب سے سرفراز احمد کی قیادت کے بارے میں معنی خیز بیان کے بعد اب انہیںورلڈ کپ تک کپتان بنائے جانے کوبورڈ کا یو ٹرن اورکسی مبینہ دباو کا نتیجہ قرار دیا جا رہا ہے ۔آئی سی سی کی جانب سے پابندی کے بعد سرفراز کی وطن واپسی پر انہیں قیادت سے ہٹانے کی باتیں شروع ہوئیں تو ترجمان نے یہ کہہ کر مزید شکوک و شبہات کو جنم دیا کہ سرفراز کے کپتان ہو نے یا نہ ہونے کا فیصلہ پاکستان سپر لیگ کے بعد ہوگا ، کپتان کا تقرر سیریز بائی سیریز کیا جاتا ہے، آسٹریلیا کی سیریز کیلئے کپتان کا اعلان مارچ میں کیا جائے گا۔ چیئرمین احسان مانی کو سرفراز احمد کی کپتانی پر کوئی خدشات نہیں تھے۔ترجمان کا دعویٰ تھا کہ یہ بات بالکل واضح تھی کہ ورلڈ کپ میں کپتان سرفراز احمد ہی ہوں گے۔اس کے ساتھ ساتھ ترجمان کا یہ بھی کہنا تھا کہ سرفراز احمد کی تقرری کیلئے چیئرمین نے اپنا صوابدیدی اختیار استعمال کیا اور ہیڈ کوچ مکی آرتھرکے علاوہ چیف سلیکٹر انضمام الحق سے بھی بات کی تھی جنہوں نے سرفراز احمد کی حمایت کا اعلان کیا تھا۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردو نیوز اسپورٹس"جوائن کریں