پی ایس ایل 4:کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ایک اور فتح
دبئی: پی ایس ایل4 کے چھٹے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔دبئی میں کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 157 رنز بنائے جس کے جواب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے مطلوبہ ہدف 19ویں اوور میں 3 وکٹوں پر حاصل کرلیا۔شین واٹس نے 55 گیندوں پر 81 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، انہوں نے 4 چھکے اور 6 چوکے لگائے اور ٹیم کے فتح گر ثابت ہوئے اور مین آف دی میچ رہے جبکہ عمر اکمل نے 44، سرفراز احمد نے 15، روسو نے 10 اور احمد شہزاد نے 2 رنز بنائے۔اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے پٹیل، رومان رئیس اور ڈیلپورٹ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔اس سے قبل میچ کا ٹاس کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے جیت کر مخالف ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے لیوک رونچی اور رضوان حسین نے اننگز کا آغاز کیا۔ سہیل تنویر نے اننگز کی پہلی گیند پر ہی رونچی کو پویلین واپس بھیج دیا جبکہ پہلے ہی اوور کی آخری گیند پر شاداب خان کو بھی آوٹ کرکے اسلام آباد کی مشکلات میں اضافہ کردیا۔رضوان حسین بھی 5 رنز بنانے کے بعد محمد نواز کا شکار بنے۔ کیمرون ڈیلپورٹ اور حسین طلعت نے اسکور بورڈ کو آگے بڑھایا تاہم کیمرون بھی 19 رنز بناکر فواد احمد کا شکار بنے جبکہ حسین طلعت بھی 30 رنز کی اننگز کھیل کر فواد کے ہاتھوں بولڈ ہوئے اور فہیم اشرف بھی صرف ایک رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔آصف علی نے ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 36 رنز کی اننگز کھیلی جس کے بعد وہ سہیل تنویر کا شکار بن گئے جبکہ اپنا پہلا میچ کھیلنے والے وین پارنیل نے بھی شاندار بیٹنگ کی اور سہیل تنویر کو مسلسل 3 چوکے لگانے کے بعد 41 رنز پر پویلین لوٹے۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے سہیل تنویر نے 4، فواد احمد 3 اور محمد نواز نے ایک وکٹ حاصل کی۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردو نیوز اسپورٹس"جوائن کریں