لوک سبھا انتخابات کیلئے کارکن اختلافات بھلا کر کام کریں، نائیڈو
حیدرآباد- - - - آندھراپردیش کے وزیراعلی و تلگودیشم پارٹی کے قومی صد ر این چندرابابونائیڈو نے تلگودیشم کیڈر کو ہدایت دی ہے کہ وہ اپنے اختلافات کو فراموش کرتے ہوئے لوک سبھا انتخابات میں پارٹی کی کامیابی کیلئے متحد ہوکر کام کریں۔انہوںنے ٹیلی کانفرنس کے ذریعہ پارٹی کے لیڈروں سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ وائی ایس آرکانگریس کو ووٹ دینا نریندر مودی اور تلنگانہ کے وزیراعلی کے چندرشیکھرراو کوووٹ دینے کے برابر ہے۔انہوںنے کہا’’جگن ،مودی اور کے سی آر کے ہاتھوں کی کٹھ پتلی کی طرح کام کررہے ہیں۔جگن کا ریموٹ کنٹرول مودی اور کے سی آر کے ہاتھ میں ہے ‘‘۔انہوںنے کہاکہ تینوں جماعتیں ریاست کے امکانات میں رکاوٹ پیداکرنے کے واحد ایجنڈہ کے ساتھ کام کر رہی ہیں۔ہم مجوزہ انتخابات میں مجرمین سے مقابلہ کریں گے اور آپ کو چاہئے کہ چوکس اور محتاط رہیں ۔ وائی ایس آرکانگریس خود کی تشہیر کے لئے کام کرتی ہے جبکہ تلگودیشم عوام کی بہبود کے لئے کام کرتی ہے۔