Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ایس ایل:کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو پہلی شکست

شارجہ: کراچی کنگز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹر کی فتوحات کا سلسلہ روک دیا۔ پی ایس ایل 4کے دوسرے مرحلے کا آخری میچ کراچی کنگز نے 6وکٹوں سے جیت لیا۔جنوبی افریقہ کے بیٹسمین کولن انگرام نے 8 چھکوں اور 12 چوکوں کی مدد سے پی ایس ایل 4 کی پہلی سنچری اسکور کی اور مین آف دی میچ رہے۔کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔میچ کے آغاز میں 14 کے اسکور پر احسن علی آوٹ ہوئے ۔عمر خان نے 61 کے مجموعے پر 25 رنز بنانے والے شین واٹسن کو آوٹ کیا لیکن ریلی روسو نے عمر اکمل کے ساتھ مل کر 63 رنز کا اضافہ کرکے ٹیم کی پوزیشن مستحکم کی۔ عامر یامین نے 124 کے مجموعے پر 44 رنز بنانے والے ریلی روسو کو بولڈ کردیا۔ عمر اکمل نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 5 چھکوں کی مدد سے 37 گیندوں پر 55 رنز بنائے۔ 19ویں اوور میں وکٹ پر آنے والے انور علی نے 6 گیندوں پر 4 چھکوں کی مدد سے 27 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کا اسکور 5 وکٹوں کے نقصان پر 186 تک پہنچادیا۔عامر یامین 3 جبکہ محمد عامر اور عمر خان ایک، ایک وکٹ لینے میں کامیاب ہوئے۔کراچی کنگز کیلئے ہدف کا تعاقب اس وقت مشکل نظر آیا جب سہیل تنویر کی پہلی گیند پر بابر اعظم جبکہ اگلے ہی اوور میں محمد نواز کی گیند پر کولن منرو پویلین لوٹ گئے ۔ 3 اوور میں صرف 6 رنز بنے تاہم کولن انگرام نے آتے ہی کوئٹہ کے کپتان کو دفاعی حکمت عملی پر مجبور کردیا۔پہلے اویس ضیا ئکے ساتھ مل کر کولن انگرام نے 50 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی، اس کے بعد اویس ضیا ءکے آوٹ ہونے کے بعد انہوں نے لیام لیونگسٹن کو ساتھی بنالیا۔ دونوں نے 91 رنز کی شراکت قائم کرکے کراچی کنگز کے لیے پی ایس ایل میں واپسی کی امید روشن کر دی۔لیام لیونگسٹن 18رنز بنا کر سہیل تنویر کی گیند پر انہی کو کیچ دے بیٹھے۔بیکن ڈنک نے کولن انگرام کا ساتھ نبھایا اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 6 وکٹوں سے شکست دیتے ہوئے اپنی ٹیم کو پی ایس ایل 2019 ءکی دوسری کامیابی حاصل کی۔کولن انگرام نے سنچری بناتے ہوئے 127 رنز اسکور کیے جو نہ صرف پی ایس ایل کی تاریخ کا سب سے بڑا انفرادی اسکور تھا بلکہ یہ پی ایس ایل میں کسی بھی غیر ملکی کھلاڑی کی پہلی سنچری بھی تھی۔اس سے قبل یہ ریکارڈ 2016ءمیں اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے شرجیل خان نے 117 رنز بنا کرقائم کیا تھا۔تیسرا مرحلہ 26فروری سے یکم مارچ تک دبئی میں سجے گا۔
کھیلوں کی  مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ "اردو  نیوز اسپورٹس" جوائن کریں

شیئر: