پی ایس ایل: عماد،شاداب اورکامران کی مایوس کن کارکردگی
دبئی:پاکستان سپر لیگ 4کاتیسرا مرحلہ شروع ہو چکا ہے اور اس کے ساتھ ہی اس سیزن کا نصف حصہ بھی مکمل ہوگیا لیکن کئی کھلاڑی توقعات پر پورا نہ اتر سکے۔ان عماد وسیم ، شاداب خان اورکامران اکمل سرفہرست ہیں۔ آل راونڈر عماد وسیم کراچی کنگز کے کپتان بھی ہیں لیکن اب تک ان کی کارکردگی تمام شعبوں میںغیر تسلی بخش رہی ہے۔ عماد نے بولنگ میں رنز تو بہت کم دیے ہیں لیکن وہ زیادہ وکٹیں حاصل نہیں کرسکے۔ اب تک 5 میچوں میں انہوں نے صرف 3 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا جبکہ بیٹنگ کے دوران وہ 4 اننگز میں صرف 47 رنز ہی بنا پائے ہیں۔ عماد وسیم کی کپتانی بھی مایوس کن رہی اور وہ اپنے بولرز کو درست انداز میں استعمال نہیں کر سکے۔اسی طرح نوجوان لیگ اسپنر شاداب خان نے 5 میچوں میں صرف 4 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا جبکہ 3 اننگز میں صرف 21 رنز ہی بنا سکے ۔ پاکستان سپر لیگ کی تاریخ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کامران اکمل ٹورنامنٹ کے اپنے پہلے میچ میں 49 رنز کے بعد بقیہ4 میچوں میں صرف 11 رنز ہی اسکور کر سکے ہیں۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ " اردو نیوز اسپورٹس" جوائن کریں