پارلیمانی رہنماوں کا پاک فوج کیساتھ مکمل اظہار یکجہتی
جمعرات 28 فروری 2019 3:00
اسلام آباد.... پارلیمانی رہنماوں نے ہندوستانی جارحیت کے خلاف ان کیمرہ بریفنگ میں پاک فوج کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعلان کیا ہے۔پارلیمنٹ ہاوس میں پارلیمانی رہنماوں کو وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی اور ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے ان کیمرہ بریفنگ دی۔ہندوستانی جارحیت اور پاکستان کی جوابی کارروائی کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی بھی ان کیمرہ بریفنگ میں شریک ہوئے۔ ان کیمرہ بریفنگ کے بعد صحافی نے ڈی جی آئی ایس پی آر سے سوال کیا کہ ’ان کیمرہ بریفنگ کیسی رہی‘؟ جس پر ا نہوںکہ بریفنگ بہت اچھی رہی۔بعد ازاں صحافیوں نے پیپلزپارٹی کے صدر آصف علی زرداری سے بھی سوال کیا جس کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سب کا مورال بلند ہے۔ ان کیمرہ بریفنگ کے بعد وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے ویڈیو بیان میں کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر نے ہندوستانی جارحیت اور پاکستانی اقدامات کے حوالے سے آگاہ کیا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید نے مکمل صورتحال پر سب کو اعتماد میں لیا۔ بریفنگ میں مکمل اتفاق رائے تھا ۔ ساری سیاسی قیادت نے پاکستان کے ساتھ یکجہتی اور پاکستان کے مفادات کے تحفظ کے عزم کا اظہار کیا۔ قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا کہ افواج پاکستان ہر طرح کی صورت حال کا سامنا کرنے کے لئے پوری طرح تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ کی آج کی کارروائی سے پوری قوم کا حوصلہ بڑھا ہے۔پاک فضائیہ نے بڑی شاندار کارروائی کر کے دشمن کے دانت کھٹے کئے یہ بات طے ہے کہ افواج پاکستان کی صلاحیت مسلمہ ہے۔وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہاکہ آج کی ان کیمرہ بریفنگ بہت ضروری تھی، اپوزیشن ہو یا حکومت، اس وقت پاکستان کا مسئلہ ہے اور ملک کیلئے سب نے اکٹھا ہونا تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم خطے میں امن چاہتے ہیں اور اب بھی بات چیت کرنا چاہتے ہیں۔انہوںنے کہا کہ جب حالات خراب ہوں تو خطرہ تو ہوتا ہے لیکن معاملے کو ٹھنڈا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں ۔