ہند:فلم کیلئے پلوامہ، ابھی نندن، بالاکوٹ کے ناموں پر لڑائی
لڑائی کے میدان میں پاک فوج کے ہاتھوں اور سیاست کے میدان میں وزیر اعظم عمران خان کے ہاتھوںہزیمت کے باوجود ہندوستانی پروڈیوسرز نے پلوامہ حملے اور اس کے تناظر میں پیدا ہونے والی کشیدگی کے حوالے سے فلموں کے نام رجسٹر کرانے کیلئے تگ و دو شروع کردی ہے۔امریکہ کی نیوز ویب سائٹ کے مطابق 26 فروری کوہندوستانی طیاروں نے پاکستانی حدود میں دراندازی کی تو ہندمیں واویلا مچ گیا کہ پاکستان میں 350 افراد مار دئیے گئے۔ ہندوستانی فلم پروڈیوسرز نے فوری طور پر ’انڈین موشن پکچرز پروڈیوسرز ایسوسی ایشن ‘کے دفتر پر دھاوا بول دیا اور فلم کیلئے نام رجسٹر کرانا شروع کردئیے۔مجموعی طور پر 26 فروری کو انڈیا کے 5 بڑے پروڈکشن ہاؤسز نے نام رجسٹر کرائے ۔ موقع پر موجود ایک پروڈیوسر نے موشن پکچرز کے دفتر میں مچنے والی ہڑبونگ کو کھچڑی قرار دیا اور کہا کہ پروڈیوسرز بالا کوٹ، سرجیکل اسٹرائیک ٹو پوائنٹ زیرو، پلوامہ اٹیک کے نام رجسٹر کرانے کیلئے آپس میں لڑتے رہے۔14 فروری کو پلوامہ میں خود کش حملے میں ہندوستانی ریزرو فورس کے 49 اہلکار ہلاک ہوئے تو فلم پروڈیوسرز نے پلوامہ ، پلوامہ دی سرجیکل اسٹرائیک، وار روم، ہندوستان ہمارا ہے، پلوامہ ٹیرر اٹیک، دی اٹیک آف پلوامہ، وِد لو فرام انڈیا اور اے ٹی ایس ون مین شو کے نام رجسٹرکرائے۔پلوامہ حملے کے تناظر میں فلموں کیلئے پلوامہ، بالا کوٹ، سرجیکل اسٹرائیک وغیرہ مختلف پروڈکشن ہاؤسز نے رجسٹر کرالئے ۔ پاکستان نے ہند میں کارروائی کی تو ویب سائٹ کا نمائندہ ایک پروڈیوسر کے ہمراہ موشن پکچرز کے دفتر گیا جہاں اسے کاغذات میں ذرا سا ہیر پھیر کرنے پر ’ پلوامہ دی ڈیڈلی اٹیک ‘ کا ٹائٹل دے دیا گیا۔ہندوستانی پائلٹ ابھی نندن کی وڈیوز سامنے آنے کے بعد ویب سائٹ کے نمائندے نے ’ ابھی نندن یا ونگ کمانڈر ابھی نندن ‘ کے ناموں کا پوچھنے کیلئے موشن پکچرز کے دفتر میں رابطہ کیا تو اسے جواب دیا گیا کہ آپ فوری طور پر اپنی درخواست جمع کرادیں بصورت دیگر یہ نام جلد ہی کوئی اور پروڈیوسر رجسٹر کرالے گا۔