جوونٹس کی ایک اور فتح، لیورپول پہلی پوزیشن سے لڑھک گئی
لیورپول:اطالوی لیگ میں جوونٹس نے نیپولی کو ہرا دیا جبکہ پریمیئر لیگ میں ایورٹن کے ساتھ میچ برابر ہونے سے لیور پول پہلی پوزیشن سے نیچے آگئی جس کا فائدہ مانچسٹر سٹی کو ہوا۔ اطالوی لیگ میں کرسٹیانو رونالڈو کی ٹیم جوونٹس کی فتوحات کا سلسلہ جاری ہے اور اس نے اپنی قریبی حریف نیپولی کلب کےخلاف میچ میں1-2سے کامیابی حاصل کرکے پوائنٹس ٹیبل پر16پوائنٹس کی سبقت حاصل کر لی ۔ میچ کے دوران دونوں ٹیموں کے ایک، ایک کھلاڑی کو ریڈ کارڈ دکھایا گیا ۔ نیپولی کے گول کیپر نے کرسٹیانو رونالڈو کے خلاف خطرناک فاول کیا جس پر ریفری نے اسے گراونڈ سے باہر کردیا جبکہ بعد ازاں جوونٹس کے پجانچ کو بھی باہر کردیا گیا۔ اس سے پہلے وہ فری کک پر جوونٹس کوایک گول کی برتری دلا چکے تھے۔ایمری کین نے دوسرا گول کرکے برتری مستحکم کردی۔ میچ ختم ہونے سے پہلے جوز کیلیجون نے ایک گول کرکے خسارہ کم کیا لیکن میچ جوونٹس کے حق میں ختم ہوا۔ رونالڈو کوئی گول نہ کر سکے تاہم ان کے خلاف فاول ٹیم کےلئے گول کی بنیاد بنا اور اب جوونٹس لیگ میں ایک اور ٹائٹل فتح کے قریب تر ہو گئی ہے۔ دریںانثاء مصری اسٹار محمد صلاح کی طرف سے گول کرنے کے 2سنہری مواقع ضائع ہوجانے سے پریمیئر لیگ کپ لیور پول کے ہاتھ سے نکل رہاہے اور روایتی حریف ایورٹن کےخلاف میچ بغیر کسی گول کے برابر ہوجانے سے لیور پول ایک مرتبہ پھر لیگ میں دوسرے نمبر پر چلی گئی ہے۔ اب اگر نمبر ون ٹیم مانچسٹر سٹی کو اس کی حریف مانچسٹر یونائیٹڈ ہرا دے تو لیور پول کے پاس آگے آنے کا موقع ہے۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ " اردو نیوزاسپورٹس" جوائن کریں